Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں پانی کے پلانٹس میں شمسی توانائی نظام کی تنصیب کا آغاز

’منصوبے میں خان یونس اور وسطی صوبے میں چار ڈی سیلینیشن سٹیشنوں کی تعمیر شامل ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے غزہ میں پانی کے پلانٹ میں شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب کا منصوبہ بنایا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ سلمان سینٹر کی شراکت دار سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کی تکنیکی ٹیموں نے پانی کی صفائی کے پلانٹس میں شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب کا کام شروع کر دیا ہے۔
یہ کام غزہ میں صاف پانی تک رسائی کے لئے کیا جا رہا ہے جس میں خان یونس اور وسطی صوبے میں چار ڈی سیلینیشن سٹیشنوں کی تعمیر شامل ہے۔
یہ منصوبہ شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی مالی معاونت سے عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ غزہ کے رہائشیوں، خصوصاً بے گھر کیمپوں اور پانی کی قلت سے متاثرہ علاقوں کے لئے محفوظ اور صاف پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔
کنگ سلمان سینٹر نے وضاحت کی ہے کہ ان چار مقامات کا انتخاب محتاط پیمانوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے جن میں آبادی کی تعداد اور ضرورت کے تناسب کو مدنظر رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو منصوبے سے فائدہ پہنچ سکے۔
انتظامیہ نے بتایا ہے کہ شمسی توانائی کے نظام پر انحصار کا مقصد پلانٹس کے پائیدار طور پر چلتے رہنے کو یقینی بنانا اور روایتی توانائی پر انحصار کو کم کرنا ہے جو محاصرے اور گزرگاہوں کی بندش کے باعث اکثر منقطع ہو جاتی ہے۔
یہ منصوبہ اُن ترقیاتی پروگراموں میں سے ایک ہے جو مرکز غزہ میں انسانی اور معاشی حالات کو بہتر بنانے کے لیے نافذ کر رہا ہے، خاص طور پر پانی، صحت، اور رہائش کے شعبوں میں۔

شیئر: