Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصری انٹیلیجنس چیف کی غزہ مذاکرات کے سلسلے میں اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات

جے ڈی وینس بدھ کو وزیراعظم نیتن یاہو سمیت اہم اسرائیلی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
مصر کے انٹیلیجنس چیف حسن محمود رشاد کی اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین تیتن یاہو سے یروشلم میں ملاقات ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو یہ ملاقات امریکی حمایت سے ہونے والی غزہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے سلسلے میں ہوئی۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’وزیراعظم بنیامین نتین یاہو اور ان کی پروفیشنل ٹیم کی وزیراعظم آفس میں مصری انٹیلیجنس چیف سے ملاقات ہوئی ہے۔‘
امریکی صدر کے غزہ روڈمیپ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بیان میں بتایا گیا کہ ’اس ملاقات کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ منصوبے کو آگے بڑھانے، اسرائیل مصر تعلقات، ممالک کے درمیان امن کے فروغ اور دیگر علاقائی امور پر بات چیت ہوئی۔‘
دوسری جانب مصر کے حکومت سے تعلق رکھنے والے خبر رساں ادارے ’ایکسٹرا نیوز‘  کے مطابق مصری خفیہ ایجنسی کے سربراہ حسن محمود رشاد نے اسرائیل میں موجود مشرق وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی نمائندے سٹیو وِٹکوف سے بھی ملاقات کی ہے۔
مصری خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایک ہفتہ قبل بحیرۂ احمر کے ایک ریزورٹ شرم الشیخ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک ابتدائی جنگ بندی معاہدہ طے پایا ہے۔
اسی دوران امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا ہے جہاں ان کی جنگ بندی سے متعلق امور کی نگرانی کرنے والے خصوصی نمائندوں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات متوقع ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جے ڈی وینس بدھ کو وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سمیت اہم اسرائیلی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

شیئر: