Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی وزیرستان میں چھ افراد کا قتل، لاشیں مکمل طور پر جلی ہوئی ملیں

حکومتی ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار افراد امن کمیٹی کے ممبران تھے (تصویر: شمالی وزیرستان پولیس)
صوبہ خیبرپختونخوا کےقبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں ایک گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بدھ کے روز رونما ہونے والے واقعے میں 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ گاڑی کو آگ لگنے کی وجہ سے لاشیں بھی مکمل طور پر جل گئیں۔ 
عینی شاہدین کے مطابق ایپی گاؤں کے قریب مرکزی بنوں میرانشاہ شاہراہ پر نامعلوم حملہ آوروں نے پہلے موٹر کار پر فائرنگ کی پھر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے باعث گاڑی میں سوار کوئی بھی زندہ بچ نہ سکا۔
ضلعی پولیس افیسر وقار خان نے اردو نیوز کوبتایا کہ واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے جن میں تین ڈیرہ اسماعیل خان ، دو وزیرستان اور ایک ٹانک کا رہائشی تھا ، ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کامقدمہ درج کرکے تمام پہلوؤں سے تفتیش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’حملہ آور کون تھے اور گاڑی میں سوار افراد کو کیوں قتل کیا یہ کہنا قبل ازوقت ہے ، لواحقین کو تفتیش کے لیے بلایا گیا ہے جن سے پوچھ گچھ کےبعد تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔‘
 ڈی پی او وقار خان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے باعث نعشیں ناقابلِ شناخت تھیں تاہم شناخت کے لئے فرانزک کے لیے نمونے بھجوائے گئے۔  انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کے بعد گاڑی کو آگ لگی یا گاڑی کو آگ لگائی گئی اس حوالے سے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔ 
دوسری جانب حکومتی ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار افراد امن کمیٹی کے ممبران تھے جو میران شاہ سے بنوں جارہے تھے ۔ تاہم پولیس کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی کالعدم تنظیم نے قبول نہیں کی۔

شیئر: