مغربی کنارے کا انضمام: امریکہ کا اسرائیل پر دباؤ، مارکو روبیو کا جنگ بندی معاہدے پر اعتماد کا اظہار
مغربی کنارے کا انضمام: امریکہ کا اسرائیل پر دباؤ، مارکو روبیو کا جنگ بندی معاہدے پر اعتماد کا اظہار
جمعہ 24 اکتوبر 2025 6:21
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو سخت وارننگ جاری کی ہے جبکہ دوسری جانب وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدہ برقرار رہے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹائم میگزین کو ٹیلی فون پر دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ’ضم نہیں کیا جائے گا کیونکہ میں عرب ممالک سے وعدہ کر چکا ہوں۔‘
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’اگر ایسا ہوا تو اسرائیل امریکہ کی تمام تر حمایت کھو دے گا۔‘
صدر ٹرمپ نے ٹائم میگزین کو یہ انٹرویو غزہ امن معاہدہ طے پانے کے چند دن بعد 15 اکتوبر کو دیا تھا تاہم امریکی جریدے نے جمعرات کو شائع کیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی پارلیمان نے بدھ کو غزہ کے انضمام کے حوالے سے دو بلوں کی منظوری دی تھی جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔
جمعرات کو سعودی سرکاری میڈیا کی طرف سے شائع ایک مشترکہ بیان میں سعودی عرب، اردن اور ترکی سمیت متعدد ممالک نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے ووٹ کی مذمت کی تھی۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو اسرائیل کے دورے کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں سے بات چیت میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ وہ مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق اقدام کی حمایت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انضمام کے حوالے سے اقدامات ’امن معاہدے کے لیے خطرہ ہیں۔‘
تاہم جمعرات کو وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد مارکو روبیو نے جنگ بندی معاہدے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا کہ اور کہا کہ چیلنجز پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
نائب صدر جے ڈی وانس نے مغربی کنارے کے انضمام سے متعلق اقدام کو احمقانہ قرار دیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
تاہم جمعرات کو ہی نائب صدر جے ڈی وانس اسرائیل کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو رہے تھے۔
روانگی سے قبل انہوں نے صحافیوں سے ببات چیت میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مقبوضہ مغربی کنارے کے اسرائیلی انضمام کی مخالفت کرتے ہیں اور ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے اسرائیلی قانون سازوں کے اس اقدام کو ’احمقانہ سیاسی تماشا‘ قرار دیا۔
جب رپورٹرز نے نائب صدر سے اس ووٹ کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ ’اگر یہ ایک سیاسی تماشا تھا، تو یہ بہت ہی بے وقوفانہ عمل ہے، اور مجھے ذاتی طور پر اس پر ناگواری ہے۔‘
اس سے ایک روز قبل بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی اسرائیل کو خبردار کیا کہ پارلیمان کا مغربی کنارے کے انضمام کے حوالے سے اقدام اور آباد کاروں کے تشدد سے غزہ امن معاہدے کو خطرہ ہے۔