کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بصری شناخت کا اجرا
اتوار 26 اکتوبر 2025 14:56
’کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سفر میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے‘ ( فوٹو: واس)
کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی نے کنگ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بصری شناخت ’لوگو‘ جاری کر دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ سلمان انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کے جدید فضائی منصوبوں میں سے ہے جو ترقی کے سفر میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
یہ بصری شناخت ’آپ کا سفر، آپ کی منزل‘ کے عنوان کے تحت متعارف کرائی گئی ہے جو اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہوائی اڈہ سفر کے تجربے کو نئے انداز سے پیش کرنے کا عزم رکھتا ہے جہاں توجہ، جدید اختراعات، پائیداری اور مسافروں کی ضروریات پر مبنی ڈیزائن پر مرکوز ہوگی۔
کنگ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈہ مستقبل میں ریاض کے لیے مرکزی دروازے کے طور پر ابھرے گا اور یہ منصوبہ سعودی عرب کی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

کمپنی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر مارکو میہیا نے کہا ہے کہ بصری شناخت کا اجرا کمپنی کے سفر میں اہم تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے جس کا مقصد مستقبل کے ہوائی اڈہ تعمیر کرنا ہے جو سفر کے تجربے کا نیا تصور پیش کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ریاض شہر کے ساتھ مربوط سہولیات کے ذریعے ہوائی اڈے کو صرف ایک گزرگاہ نہیں، بلکہ ایک منفرد منزل کے طور پر تیار کر رہی ہے۔
ہوائی اڈے کی بصری شناخت چار بنیادی اقدار پر مبنی ہے، انسان مرکزیت، سادگی میں عمدگی، مسلسل جدت، اور مقامی و عالمی طرز کا امتزاج۔

یہ اقدار اس وژن کو ظاہر کرتی ہیں کہ ہوائی اڈہ مسافروں اور معاشرے دونوں کے لیے نئی قدر پیدا کرے گا۔
کنگ سلمان بین الاقوامی ہوائی اڈہ 57 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 6 رن ویز اور 9 مسافر ٹرمینلز شامل ہوں گے۔
ہوائی اڈہ 2030 تک 10 کروڑ سے زائد مسافروں کی سالانہ گنجائش فراہم کرے گا جبکہ کارگو کی سالانہ صلاحیت 20 لاکھ ٹن تک ہوگی۔
معاشی اعتبار سے اندازہ ہے کہ یہ ہوائی اڈہ ہر سال غیر تیل شعبے کے جی ڈی پی میں 27 ارب سعودی ریال کا اضافہ کرے گا، ساتھ ہی یہ منصوبہ تجارتی علاقوں، جدید لاجسٹکس، آبادی اور معاشی نمو کی حمایت اور سعودی عرب کو سیاحت، کاروبار اور سرمایہ کاری کی عالمی منزل بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔