سعودی عرب نے سائبر کرائم کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کردیے
اتوار 26 اکتوبر 2025 18:55
سعودی عرب، کنونشن کی توثیق کرنے والے 64 ملکوں میں شامل ہوگیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے اتوار کو سائبر کرائم کے خلاف اقوام متحدہ کے کنونشن پر دستخط کردیے۔ انسداد سائبر کرائم کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے قومی سائبرسکیورٹی اتھارٹی کے گورنر ماجد بن محمد المزید نے مملکت کی نمائندگی کرتے ہوئے کنونشن پر دستخط کیے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی عرب، اقوام متحدہ کے سائبر کرائم کی روک تھام کے پہلے بین الاقوامی کنونشن کی توثیق کرنے والے 64 ملکوں میں شامل ہوگیا۔
سائبرسکیورٹی میں اضافے اور سائبرکرائم سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اس شعبے میں تعاون کو بڑھانے کےلیے مملکت کی جانب سے ہرممکن ہر طرح کا تعاون پیش کیا جاتا ہے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب دارالحکومت ہنوئی میں ویتنام کے صدر لوونگ کانگ کی سربراہی میں منعقد کی گئی جس مملکت کے وفد کی قیادت نیشنل سائبرسکیورٹی کمیشن کے گورنر کررہے تھے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے علاوہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ویانا میں اقوام متحدہ کے ریجنل ڈائریکٹر اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے وزرا و سفرا کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
واضح رہے یہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب سائبر سکیورٹی کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ معاہدے کا مقصد نیٹ سرفرنگ کو محفوظ بناتے ہوئے سائبرکرائم کی روک تھام ہے۔
معاہدے کے نکات میں ان افعال کا بھی ذکر کیا گیا ہے جو سائبرکرائم کی درجے میں شامل ہیں جن میں غیرقانونی طورپر سسٹم میں انٹرہونا، ڈیٹا کو ہیک یا برباد کرنے کے علاوہ بچوں کے خلاف جرائم وغیرہ شامل ہیں۔
