فلسطینی عوام کی مشکلات میں کمی کےلیے سعودی امدادی ایجنسی کے کردار کی ستائش
فلسطینی وزیراعظم کا کہنا تھا اہل فلسطین کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
فلسطینی وزیر اعظم ڈاکٹر محمد مصطفی نے غزہ پٹی کے متاثرین کی امداد میں مملکت کے فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ’ فلسطینی عوام کی مشکلات کو کم کرنے کےحوالے سے شاہ سلمان امدادی مرکزکا کردارمثالی رہا ہے۔‘
العربیہ کے مطابق امدادی کاموں کے حوالے سے فلسطینی وزیر اعظم کا کہنا تھا ’شاہ سلمان مرکز نے دنیا بھر کے ضرورت مندوں خاص کر اہل فلسطین کے لیے ایک روشن مثال قائم کی ہے۔‘
واضح رہے 7 اکتوبر سے فلسطین میں جنگ کے آغاز سے ہی سعودی عرب نے امدادی مہم کا آغاز کردیا تھا۔
شاہ سلمان امدادی وفلاحی مرکز کی جانب سے انسانی امداد کی بنیاد پر 70 طیارے روانہ کیے۔امدادی کارروائیاں وزارت دفاع اور قاھرہ میں سعودی عرب کے سفارتخانے کے تعاون سے انجام دی گئیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات پرغزہ کے فلسطینی عوام کے لیے عوامی امدادی مہم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں 732 ملین ریال جمع کئے گئے تھے۔
عوام عطیات مہم کا آغاز شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 50 ملین ریال کے عطیہ سے کیا گیا جو اس بات کی واضح دلیل تھی کہ فلسطین کا مسئلہ ریاض کے نزدیک اہمیت کا حامل ہے۔
