Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں جنگ بندی، امریکی فوج کی ڈرونز کے ذریعے علاقے کی نگرانی

امریکی فوج نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے ڈورنز کے ذریعے نگرانی شروع کردی ہے۔
عرب نیوز نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ’ڈرونز کے ذریعے نگرانی اس بات کو یقینی بنانے کی بڑی کوشش کا حصہ ہے کہ فریقین جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط کی پابندی کریں۔
اسرائیل کے دو فوجی حکام اور ایک امریکی دفاعی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اخبار کو بتایا کہ ’غزہ میں ڈرونز کو زمینی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے اسرائیل کی رضامندی سے استعمال کیا جا رہا ہے۔‘
ڈرون آپریٹرز جنوبی اسرائیل میں واقع نئے سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر میں مقیم ہیں۔ اس مرکز کا آغاز گذشتہ ہفتے امریکہ کی مرکزی کمان نے کیا تھا۔
اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی کے نتیجے میں ہوئی تھی، اور غزہ میں حالیہ تشدد اور دونوں جانب سے لاشوں کے تبادلے میں تاخیر کی وجہ سے صورتِ حال تناؤ کا شکار ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں نے رواں ہفتے کہا تھا کہ امریکی حکومت کے اندر یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو معاہدے سے نکل سکتے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعے کو سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ’اُتار چڑھاؤ اور اُونچ نیچ ہو سکتی ہے، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس جو پیش رفت ہو رہی ہے اس حوالے سے حوصلہ افزا امید کی جا سکتی ہے۔‘
 

شیئر: