انڈیا میں بینک کا وائی فائی ’پاکستان زندہ باد‘ میں کیوں تبدیل ہوا؟
بینک کے وائی فائی کا نام ’پاکستان زندہ باد‘ میں تبدیل ہوا (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین ریاست کرناٹک کے ایک بینک میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب بینک کے وائی فائی نیٹ ورک کا نام اچانک ’پاکستان زندہ باد‘ میں تبدیل ہو گیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بنگلورو کے ایک نجی بینک کی برانچ میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق یہ معاملہ منگل کی صبح اُس وقت سامنے آیا جب گووردھن سنگھ نامی ایک شہری نے بینک کے احاطے میں موجود مشکوک وائی فائی آئی ڈی دیکھی اور فوراً شکایت درج کرائی۔
اطلاعات کے مطابق بینک کا وائی فائی سسٹم مرمت کے مراحل میں تھا اور اس کام کے لیے ایک مقامی ٹیکنیشن کو بلایا گیا تھا۔
تاہم جب تبدیل شدہ نام کا انکشاف ہوا تو ٹیکنیشن بینک سے جا چکا تھا اور اس کا موبائل فون بند پایا گیا جس کی وجہ سے شبہ مزید گہرا ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مذکورہ ٹیکنیشن تاحال لاپتہ ہے۔
گووردھن سنگھ کی جانب سے درج شکایت پر پولیس نے رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا یہ محض ایک مذاق تھا یا پھر کسی نے دانستہ طور پر صارفین کو تنگ کرنے کی کوشش تھی۔
