Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم شہباز شریف دورہ چترال کے دوران شادی والے گھر پہنچ گئے 

وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر جمعہ کے روز ضلع لوئر چترال گئے۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران دروش سید آباد کے مقام پر دانش سکول کا افتتاح کیا اور مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین سے ملاقات کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ ’چترال میں بجلی کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے جبکہ شندور روڈ پر کام اگلے دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اَپر چترال میں یونیورسٹی اور ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔‘ وزیراعظم شہباز شریف نے کیلاش روڈ پر جاری کام جلد مکمل کرنے اور گیس پلانٹ منصوبہ فوری بحال کرنے کا بھی اعلان کیا۔ 
سینئر ورکرز سے ملاقات کے دوران مقامی رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کو چترال کے اہم مسائل سے آگاہ کیا اور چترال کی شاہراہوں سمیت تمام وفاقی منصوبوں پر کام جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا  
وزیراعظم شادی والے گھر پہنچ گئے
وزیراعظم محمد شہباز شریف سیاسی سرگرمیوں سے فارغ ہونے کے بعد سید آباد میں اپنے پرسنل اسسٹنٹ  کے گھر گئے اور اپنے سٹاف کو شادی پر مبارک باد دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شادی والے گھر پر کچھ دیر قیام کیا اور مہمانوں سمیت مقامی لوگوں سے ملاقاتیں کیں۔ 
سید آباد میں قیام کے دوران وزیراعظم کی چترال کے روایتی کھانوں سے مہمان نوازی کی گئی جس سے وزیراعظم بھی خوب لطف اندوز ہوئے۔ اس دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر امیر مقام بھی موجود تھے۔ 

سید آباد میں قیام کے دوران وزیراعظم کی چترال کے روایتی کھانوں سے مہمان نوازی کی گئی

وزیراعظم شہباز شریف نے پرسنل اسسٹنٹ کے گھر سے رخصتی کے بعد چترال ائیرپورٹ کا رخ کیا جہاں سے وہ اسلام آباد واپس روانہ ہو گئے۔
مسلم لیگ کے مقامی رہنمائوں نے وزیراعظم کے دورۂ چترال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا تاہم پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنمائوں کی جانب سے اسے ذاتی دورہ قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تنقید کی گئی۔ 
پی ٹی آئی چترال کی قیادت کے مطابق وزیراعظم نے پرسنل اسسٹنٹ کی شادی میں شرکت کے لیے چترال کا دورہ کیا اور کسی میگا پراجیکٹ کا اعلان یا افتتاح کرنے کی بجائے تقریر کر کے واپس روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ سال 2016 میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف دورۂ چترال کے دوران اپنے پرسنل اسسٹنٹ کی شادی پر مبارک باد دینے ان کے گھر گئے تھے۔

شیئر: