Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مضبوط معاشی روابط پائیدار تعلقات کی ضمانت‘، پاکستان-امریکہ بزنس ایکسپو کا افتتاح

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی ریاست ورجینیا میں ’پاکستان-امریکہ جوائنٹ بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق امریکی ریاست ورجینیا میں بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو 2025 کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہرے معاشی روابط استوار کرنے پر زور دیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ ’امریکی مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ مضبوط معاشی و تجارتی تعلقات پائیدار پاکستان امریکہ تعلقات کی ضمانت ہوں گے۔‘
یہ تقریب برین ڈیزائنر پاکستان، راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز اور یو ایس پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس (یو ایس پی آئی سی سی) کے تعاون سے منعقد کی گئی۔
تقریب میں کاروباری برادری، تاجروں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع کی تلاش تھا۔
اپنے خطاب میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان امریکہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ضمن میں امریکی مارکیٹ کی وسیع صلاحیتوں کو اُجاگر کیا۔
انہوں نے پاکستانی کمیونٹی اور مقامی ایسوسی ایشنز کی کاوشوں کی تعریف کی اور تقریب کو دوطرفہ معاشی تعلقات کو پائیدار و مستحکم بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا۔
رضوان سعید شیخ نے امریکہ کو دنیا کی اعلیٰ ترین صارف مارکیٹ قرار د یتے ہوئے اسے عالمی کاروباروں کی توسیع کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
انہوں نے پاکستانی کاروباری افراد کو منظم کاروباری طریقہ کار اختیار کرنے، باہمی اتحاد اور دستیاب وسائل یکجا کرنے کی ترغیب دی تاکہ امریکی معیشت میں موجود وسیع پیمانے کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
پاکستانی سفیر نے کاروباری برادری کی معاونت اور امریکی معیار کے مطابق کاروباری ماڈلز کو بہتر انداز میں ترتیب دینے کے حوالے سے سفارت خانے کی جانب سے ہر ممکن معاونت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفارت کاری مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ ان مواقع سے مکمل طور پر فائدہ حاصل کرنا کاروباری برادری کا کام ہے۔
’ہم نے اپنا کام کر دیا ہے۔ اب ہم آپ سے توقع کرتے ہیں کہ آپ اپنی ذمہ داری ادا کریں۔‘
ایک روزہ تقریب میں آئی ٹی، رئیل سٹیٹ، ٹیکسٹائلز سمیت مختلف شعبوں سے منسلک پاکستان کی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اس سے قبل رضوان سعید شیخ نے راولپنڈی چیمبر آف سمال ٹریڈرز و سمال انڈسٹریز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان اور امریکہ کے مضبوط اور پائیدار تعلقات بہتر معاشی روابط اور موثر سرمایہ کاری سے وابستہ ہیں۔‘
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی تجارتی منڈی ہے، تاہم موجودہ کاروباری حجم میں کئی گنا اضافے کی صلاحیت موجود ہے۔

 

شیئر: