سعودی قیادت کی طرف سے ڈاکٹر حسن الحازمی کو بیٹے کی وفات پر تعزیت
’سعودی قیادت نے ڈاکٹر حسن حجاب الحازمی کو تعزیتی پیغامات روانہ کئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ڈاکٹر حسن حجاب الحازمی کو ان کے بیٹے حسان کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے ڈاکٹر حسن حجاب الحازمی کو تعزیتی پیغامات روانہ کئے ہیں۔
ڈاکٹر الحازمی نے سعودی قیادت کی طرف سے اس پدرانہ شفقت اور کریمانہ توجہ پر گہرے شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں خادم الحرمین الشریفین کا انتہائی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے پیارے حسان کی وفات پر تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے‘۔
’اُن کے کلمات اور دعائیں دل کے لئے مرہم اور روح کے لیے سکون بنی ہیں‘۔
اسی طرح انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے خالص تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں ولی عہد کا بھی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہمارے غم میں شریک ہو کر اپنی نیک تمناؤں اور ہمدردی سے ہمیں تسلی بخشی ہے‘۔
’اُن کے کلمات نے میرے دل اور میرے تمام اہلِ خانہ کے قلوب پر گہرا اثر چھوڑا ہے‘۔
ڈاکٹر حسن حجاب الحازمی نے اس کریمانہ توجہ کو قیادت اور شہریوں کے درمیان گہرے انسانی ربط و الفت کی جیتی جاگتی مثال قرار دیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کو سلامت رکھے اور اُنہیں بہترین اجر عطا فرمائے۔