وزارت خارجہ نے سعودی سفارتخانوں کے لیے یونیفائیڈ پلیٹ فارم لانچ کردیا
اس کا مقصد سفارتی خدمات کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی نیابت کرتے ہوئے معاون وزیر خارجہ برائے آپریشنل امور عبدالھادی المنصوری نے دنیا بھر میں موجود سعودی سفارتخانوں کے لیے یونیفائیڈ پلیٹ فارم SaudiEmbassy.sa لانچ کردیا۔
الاخباریہ کے مطابق ریاض میں ڈیجیٹل گورنمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون وزیر خارجہ کا کہنا تھا’ وزارت کی جانب سے سفارت خانوں کے یونیفائیڈ ڈیجیٹل پلیٹ فارم لانچ کرنے کا مقصد بیرون مملکت سفارتی خدمات کے معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ صارفین کی بہتر انداز میں خدمت ہو سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ’وزارت کے ڈیجیٹل پورٹل پر500 کے قریب سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے لنک ہیں جن کے ذریعے ایک ہی مقام پر فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔‘
معاون وزیر خارجہ کا کہنا تھا ’ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے پہلے مرحلے میں بیرون مملکت گئے ہوئے سعودی شہریوں کو مختلف نوعیت کی خدمات فراہم کی جائیں گی جن میں دستاویزات کا اجرا، مدد طلب کرنا، شکایات یا تجاویز اور اپائنمنٹ کی سہولت شامل ہے تاہم ان میں مزید اضافہ وقت کے ساتھ ساتھ کیا جائے گا۔
واضح رہے مملکت کے 108 سفارت خانے اور 20 قونصلیٹ 109 ملکوں میں قائم ہیں۔
