سعودی عرب اور برازیل کے درمیان ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کا معاہدہ
’معاہدہ جی 20 کے وزارتی اجلاس کے دوران طے پایا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب اور برازیل نے ڈیجیٹل معیشت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور اختراع کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کی حمایت کے لئے شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ معاہدہ جنوبی افریقہ کی صدارت میں منعقدہ جی 20 کے وزارتی اجلاس برائے ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے دوران طے پایا ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب کی نمائندگی وزیر ٹراٹسپورٹ و اطلاعاتی ٹیکنالوجی انجینئر عبداللہ بن عامر السواحہ نے کی جبکہ برازیل کی نمائندگی سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے وزیر فریڈریكو دی سیکویرا فیلیو نے کی ہے۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر عبد اللہ بن عامر السواحہ نے بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں کئی ممالک کے وزرائے مواصلات، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کی ہیں۔
برازیلی وزیر کے ساتھ ملاقات میں جدید ٹیکنالوجیز کی تحقیق و ترقی میں تعاون کے مواقع پر گفتگو کی گئی ہے جو اختراع کی حمایت اور دونوں ممالک میں ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔