Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے شام کے صدر احمد الشرع پر سے پابندیاں ہٹا دیں

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام کے صدر پر سے پابندیاں ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا ہے جس کے بعد احمد الشرع کو داعش اور القاعدہ کی پابندیوں کی فہرست سے مؤثر طریقے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سلامتی کونسل کا یہ اقدام شام میں بشار الاسد کے بعد وجود میں آنے والے سیاسی نظام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کرنے کا عندیہ ہے۔
سکیورٹی کونسل میں قرارداد 2729 امریکہ کی طرف سے پیش کی گئی جس کے حق میں 14 ووٹس پڑے، مخالفت میں صفر جبکہ چین اس تمام عمل سے غیرحاضر رہا۔
شام کے وزیر داخلہ انس حسن خطاب پر سے بھی پابندیاں ہٹا دی گئیں ہیں جبکہ ان کا نام فہرست سے بھی خارج کر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت سکیورٹی کونسل نے جمعرات کو اعلان کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ​​اقدامات کے تحت اثاثے منجمند کیے جانے اور سفری پابندیوں کا اطلاق اب ان دونوں عہدیداروں پر نہیں ہوگا۔
احمد الشرع جمعرات کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کاپ 30 میں شرکت کے لیے برازیل کے شہر بیلم پہنچے تھے جس کے بعد پیر کو وہ واشنگٹن جائیں گے جہاں ان کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات متوقع ہے۔

 

شیئر: