پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین کھیلی جا رہی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری اور فیصلہ کُن میچ میں گرین شرٹس کو جیت کے لیے 144 رنز کا ہدف ملا ہے۔
سنیچر کو فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ابتدائی طور پر یہ فیصلہ درست نظر آیا جب مہمان ٹیم کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا مگر پھر یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے لگیں۔
پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کا اندازہ اس بات سے کیا جا سکتا ہے کہ جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 72 کے مجموعی سکور پر گری اور اس کے بعد پوری ٹیم 143 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
پچھلے میچ میں سینچری سکور کرنے والے کوئنٹن ڈی کاک نے آج نصف سینچری سکور کی۔ وہ 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر پریٹوریس نے 39 رنز سکور کیے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی کریز پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 38 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے سپنر ابرار احمد نے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ انہوں نے 10 اوورز کیے، ایک میڈن رہا اور 27 رنز دیے۔
محمد نواز نے 9 اوورز میں 31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی اور سلمان آغا نے 18، 18 رنز دے کر دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی اوپنرز نے اننگز کا آغاز کیا تو فخر زمان ایک بار پھر ناکام رہے۔ انہوں نے دو گیندیں کھیلیں اور بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان کو برگر نے کلین بولڈ کیا۔