Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہیلی کاپٹر کریش کے بعد دو ٹکڑے،‘ وائرل ویڈیو کی حقیقت کیا ہے؟

’کاموف کے اے 226‘ ایک روسی ساختہ ڈبل انجن ہیلی کاپٹر ہے جو سنہ 2002 میں استعمال میں آیا تھا (فوٹو: سپانٹک)
روس میں ایک ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران دو ٹکڑے ہونے کے بعد کریش ہو کر تباہ ہو گیا جس میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ساحل سمندر کے قریب واقع ہیلی پیڈ پر لینڈنگ کے دوران ایک ہیلی کاپٹر اچانک اپنا توازن کھو دیتا ہے جس کی وجہ سے اس کی ٹیل (دُم) زمین سے ٹکرا کر ٹوٹ جاتی ہے۔
اس کے بعد ہیلی کاپٹر لٹکتی ہوئی ٹیل کے ساتھ سمندر کے اوپر چکر کاٹتا اور پھر بے قابو ہو کر قریبی عمارت پر جا گرتا ہے اور آگ بڑھک اٹھتی ہے۔
روسی ٹی وی آر ٹی کے مطابق یہ واقع روس کے جنوبی علاقے داغستان میں پیش آیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چار افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق حادثہ جمعے کو ازبرباش شہر کے قریب پیش آیا جو بحیرۂ کیسپین کے ساحل پر واقع ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ’کے اے 226‘ تھا جو ایک مقامی بجلی گھر کے ملازمین کو لے جا رہا تھا۔
داغستان کی وزارتِ صحت کے مطابق ’دو زخمیوں کو ماخاچکالا کے برن سینٹر منتقل کیا گیا جبکہ ایک شدید زخمی کو ازبرباش کے مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔‘
رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں صرف سوار افراد ہی نشانہ بنے تاہم جس گھر کے ساتھ ہیلی کاپٹر ٹکرایا اس میں کوئی موجود نہیں تھا۔ حادثے کے بعد علاقے میں آگ بھڑک اٹھی اور فضا میں کالے دھوئیں کے گہرے بادل دیکھے گئے۔
ہنگامی سروسز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ’کاموف کے اے 226‘ ایک روسی ساختہ ڈبل انجن ہیلی کاپٹر ہے جو سنہ 2002 میں استعمال میں آیا تھا۔ یہ سات مسافروں یا تقریباً 1.3 ٹن تک سامان لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور عام طور پر نجی یا سرکاری فضائی سروسز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کی ملکیت تھا اور اسے ایئر ٹورز کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

شیئر: