غزہ میں 17 ہزار بچوں کو غذائی امداد
’مجموعی طور پر 7,662 ٹن سے زیادہ غذائی، طبی اور امدادی سامان پہنچایا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کے تعاون سے غزہ کے شمالی و جنوبی علاقوں میں 17 ہزار بچوں کے لئے سینکڑوں غذائی پیکٹس اور دودھ کی بوتلیں تقسیم کی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ فلسطینی عوام کی امداد کے لئے جاری عوامی مہم کا حصہ ہے۔
یاد رہے کہ کنگ سلمان سینٹر نے غزہ کی امداد کے لئے فضائی اور بحری پل قائم کر رکھا ہے جس کے ذریعے اب تک 72 طیارے اور 8 جہاز پہنچ چکے ہیں۔
مجموعی طور پر 7,662 ٹن سے زیادہ غذائی، طبی اور امدادی سامان پہنچایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ 20 ایمبولینس گاڑیاں فلسطینی ہلالِ احمر سوسائٹی کے حوالے کی گئی ہیں۔
سینٹر نے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ 90 ملین اور 350 ہزار امریکی ڈالر مالیت کے معاہدے کئے ہیں تاکہ غزہ کے اندر امدادی منصوبے نافذ کئے جا سکیں۔
علاوہ ازیں اردن کے تعاون سے فضائی امدادی آپریشن بھی انجام دئیے گئے تاکہ سرحدی بندشوں کے باوجود امداد کی ترسیل یقینی بنائی جا سکے۔
یہ تمام اقدامات سعودی عرب کی انسانی و امدادی کوششوں کے تسلسل کا حصہ ہیں جو کنگ سلمان سینٹر کے ذریعے انجام دی جا رہی ہیں تاکہ مشکل حالات میں گھرے فلسطینی خاندانوں کو خوراک اور امداد فراہم کی جا سکے۔