Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے پولیس سٹیشن میں دھماکہ، نو افراد ہلاک

انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ایک پولیس سٹیشن میں ضبط شدہ بارودی مواد کے بڑے ذخیرے میں دھماکے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک جبکہ 32 زخمی ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ سرینگر کے مضافات میں موجود نوگام پولیس سٹیشن میں ہوا۔
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور فرانزک ٹیم کے ارکان شامل ہیں جو پولیس سٹیشن میں ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد کا معائنہ کر رہے تھے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سرینگر میں پولیس کے سربراہ نلین پربھات نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ دھماکے میں ہلاکتوں کے علاوہ 27 پولیس اہلکاروں سمیت 32 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
’ایف ایس ایل کی فارنزک کی ٹیم بہت احتیاط سے نمونے لے رہی تھی کہ 11 بج کر 20 منٹ پر یہ بدقسمت سانحہ ہوا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے نو افراد میں فارنزک ٹیم کے تین افراد، دو ریونیو افسران اور دیگر ملازمین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 27 پولیس اہلکار، دو ریونیو افسران اور تین شہری زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایک مقامی پولیس اہلکار نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ دھماکے نے نوگام پولیس سٹیشن کو ہلا کر رکھ دیا جس کے بعد کمپاؤنڈ میں آگ بھڑک اُٹھی۔ فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی، جبکہ جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
یہ دھماکہ نئی دہلی میں ہونے والے ایک مہلک کار دھماکے کے چار دن بعد ہوا ہے، جس میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے تھے۔ انڈیا نے اس واقعے کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔

 

شیئر: