Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارش کے باعث جدہ میونسپلٹی میں ہنگامی حالت کا اعلان

’جدہ میں بارش سے نمنٹنے کے لیے 7160 کارکنان اور 1621 مشینری و آلات کام کر رہے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے گزشتہ شب سے ہی شہر میں ہونے والی بارش کے بعد صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پانی کے جمع ہونے والے مقامات کو صاف کیا جا رہا ہے اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام جاری ہے تاکہ رہائشیوں کی سلامتی اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہ سکے۔
میونسپلٹی نے وضاحت کی ہے کہ 11 بلدیاتی علاقوں اور 15 معاون مراکز کے دائرہ کار میں فیلڈ ٹیموں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اس کام میں 7160 کارکنان اور 1621 مشینری و آلات شامل ہیں جو محکمہ موسمیات کی جانب سے موصول رپورٹس کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر کام کر رہے ہیں۔
میونسپلٹی نے منصوبوں کے فعال ہونے، ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ٹیموں اور مشینری کی تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔
میونسپلٹی نے بارش کے موسم کے لئے قبل از وقت تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔
اس میں معاون مراکز کی تقویت، بارش کے پانی کی نکاسی کے موجودہ نظام کی مرمت، پمپوں اور متعلقہ آلات کی تیاری کو یقینی بنانا شامل ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری اور موثر رسپانس فراہم کیا جا سکے۔
میونسپلٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں، پانی کے جمع ہونے والے علاقوں سے دور رہیں اور برقی کرنٹ کی ممکنہ جگہوں کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ شہر اس وقت گرج چمک کے ساتھ بارش سے متاثر ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کی متعدد کمشنریاں آج ہفتے کو بھی بارش سے متاثر رہیں گی۔
ان میں مکہ مکرمہ شہر، جدہ، الجموم، رہاط اور مدرکہ شامل ہیں جہاں تیز رفتار ہوا، حدِ نگاہ میں کمی، گرج چمک اور پانی جمع ہونے کی صورتِ حال متوقع ہے۔

شیئر: