Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: سکول دیر سے آنے پر 100 مرتبہ ’اٹھک بیٹھک‘ کی سزا، چھٹی جماعت کی طالبہ ہلاک

جب کاجل گھر پہنچی تو اس کی طبیعت مزید خراب ہوتی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین ریاست مہاراشٹر میں استاد نے سکول میں صرف دس منٹ دیر سے پہنچنے پر 12 برس کی طالبہ کو جسمانی سزا دی جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق کاجل گونڈ چھٹی جماعت کی طالبہ تھی اور ویرار کے شری ہنومنت ودیا مندر ہائی سکول میں پڑھتی تھی۔ اسے مبینہ طور پر جمعہ کو سزا کے طور پر 100 مرتبہ اٹھک بیٹھک لگوائی گئیں۔ اس کے فوراً بعد اس کی کمر کے نچلے حصے میں شدید درد شروع ہو گیا۔
جب کاجل گھر پہنچی تو اس کی طبیعت مزید خراب ہوتی گئی جس کے بعد اسے نالاسوپارا کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
تاہم جب اس کی حالت بگڑ گئی تو اسے ممبئی کے جے جے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
کاجل کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ سخت سزا نے اس کی صحت کو تیزی سے خراب کیا اور بالآخر اس کی موت کا سبب بنی۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سزا کے دوران وہ سکول بیگ پہنے ہوئے تھی جس سے اس کے درد میں اضافہ ہوا۔
اس واقعے نے والدین اور مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور انہوں نے استاد اور سکول کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) نے خبردار کیا ہے کہ سکول کو دوبارہ کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جب تک ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ درج نہیں کیا جاتا۔

 

شیئر: