پاکستان سے ورک ویزہ پر بیرونِ ملک جانے والے شہریوں کے لیے 19 نومبر سے ’پاک سافٹ سکلز‘ پر رجسٹریشن لازم قرار دی گئی ہے۔
وزارتِ سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل، ترقی اور بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق ایسے افراد جو سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کر سکیں گے یا پھر رجسٹریشن نہیں کر سکیں گے، انہیں پاسپورٹ پر پروٹیکٹر سٹیمپ جاری نہیں کیا جائے گا۔
اس سے مراد یہ ہے کہ اب وہ پاکستانی جو ورک ویزا پر بیرون ممالک جائیں گے، انہیں پروٹیکٹریٹ کی جانب سے کلیئرنس اسی صورت میں ملے گی جب ان کے پاس یا تو پاک سکلز پلیٹ فارم کا سرٹیفکیٹ ہو گا یا پھر کم از کم وہاں رجسٹریشن کروائی ہو گی۔
مزید پڑھیں
-
سٹامپ پیپر کے لیے رجسٹرڈ سم لازمی، اوورسیز کے لیے نیا مسئلہ؟Node ID: 896550
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ورکرز کو قانونی تحفظ فراہم کرنا، غیرقانونی ملازمت اور سمگلنگ سے بچانا، ان کی مہارت بڑھانا اور بیرونِ ملک کام کے ماحول سے آگاہ کرنا ہے۔
پاک سافٹ سکلز پر رجسٹریشن سے کیا مراد ہے؟
19 نومبر 2025 سے بیرونِ ملک ویزا پر جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے حکومتِ پاکستان نے ایک نیا پروگرام نافذ کیا ہے جس کا مقصد ورکرز کو قانونی اور حفاظتی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت تمام ورک ویزا ہولڈرز کے لیے پاک سکلز پلیٹ فارم پر اپنی رجسٹریشن کروانا لازمی ہوگا۔
رجسٹریشن کے بغیر پاسپورٹ پر پروٹیکٹر سٹیمپ جاری نہیں کی جائے گی۔ رجسٹریشن کے دوران شہری اپنی ذاتی معلومات فراہم کریں گے جیسے شناختی کارڈ نمبر، پاسپورٹ نمبر، تعلیمی قابلیت اور بیرون ملک متوقع مراعات کی تفصیلات۔
رجسٹریشن کے بعد متعلقہ دفتر درخواست کی تصدیق کرے گا اور پاسپورٹ پر پروٹیکٹر سٹیمپ لگا دی جائے گی۔ یہ سٹیمپ ورکرز کو بیرون ملک کام کے دوران قانونی تحفظ اور سہولت فراہم کرے گی۔

اس پروگرام کا ایک اور اہم حصہ سافٹ سکلز ٹریننگ ہے جو آن لائن فراہم کی جاتی ہے۔ اس تربیت میں ورک ویزا ہولڈرز کو پیشہ ورانہ ماحول، ٹیم ورک، ثقافتی اختلافات اور کام کرنے کے مناسب طریقے سکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ بیرون ملک بہتر طور پر کام کر سکیں اور اپنے حقوق کا تحفظ کر سکیں۔ سافٹ سکلز کورس مکمل کرنے کے بعد ایک ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے جو پروٹیکٹر اسٹیمپ کی پروسیسنگ کے لیے لازمی ہے۔
شہری سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟
ورکر ویزے پر بیرون ملک جانے والے پاکستانی شہریوں کے لیے او ای سی سافٹ سکلز ٹریننگ ایک آن لائن پروگرام ہے جس کا مقصد شہریوں کو بیرون ملک کام کے لیے تربیت دینا اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے سب سے پہلے softskills.oec.gov.pk پر اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا جس میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر ذاتی معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔
بیورو آف امیگریشن کے مطابق رجسٹریشن کے بعد شہری مختلف ماڈیولز منتخب کریں گے، جیسے کمیونیکیشن، ٹیم ورک، لیڈرشپ اور پیشہ ورانہ رویے، اور ہر ماڈیول کی ویڈیوز اور لیکچر دیکھیں گے۔ ماڈیولز کے اختتام پر مختصر ٹاسک یا کوئزز مکمل کرنا ضروری ہوں گے اور آخر میں ایک آن لائن ٹیسٹ دیا جائے گا۔
ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا جو ورک ویزا پروسیسنگ یا پاسپورٹ پر پروٹیکٹر اسٹیمپ کے لیے لازمی ہوگا۔ واضح رہے اس ٹریننگ کی کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی۔

تاہم یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اس سے قبل آخری تاریخ ستمبر کے وسط تک مقرر کی تھی کہ جن شہریوں کے پاس یہ سرٹیفکیٹ یا رجسٹریشن نہیں ہو گی، انہیں پروٹیکٹر سٹیمپ جاری نہیں کی جائے گی، لیکن بعد ازاں اس تاریخ کو بھی آگے بڑھا دیا گیا تھا۔
لیکن فی الحال اس مرتبہ کوئی توسیع نہیں کی گئی، لیکن حکام بتاتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ اس ڈیڈ لائن میں آگے کوئی توسیع کر دی جائے کیوں کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اس ٹریننگ اور اس کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے بعد ایک حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی جائے۔
اردو نیوز نے امیگریشن کے ماہرین سے بھی بات کی ہے اور حکومت کی جانب سے سافٹ سکلز ٹریننگ اور پھر اس کی سرٹیفکیشن کے حوالے سے جاننے کی کوشش کی ہے کہ اس کے بنیادی مقاصد کیا ہیں اور اس کے کیا فوائد یا نقصانات ہیں؟
کراچی سے تعلق رکھنے والے امیگریشن کے وکیل یاسر شمس نے اس حوالے سے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ان کے خیال میں پہلے ہی پروٹیکٹریٹ کی سٹیمپ اور دیگر لوازمات کافی تھے اور اس نئی سرٹیفیکیشن یا ٹریننگ کی شاید اس قدر ضرورت نہیں تھی۔‘













