مدینہ ریجن سیاحت، رہائش اور مہمان نوازی کے شعبوں میں نمایاں اضافہ دیکھ رہا ہے جو سرکاری تعاون، بہتر سرمایہ کاری ماحول اور وسیع تر انفراسٹرکچر کی ترقی کے باعث ممکن ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں ایسے نئے منصوبے سامنے آ رہے ہیں جو زائرین اور سیاحوں کے تجربے کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سرمایہ کاری کا مرکز جبل اُحد اور جبل عیر پر مقامات کی ترقی ہے جہاں سڑکوں اور خدمات میں بہتری کے ذریعے پرکشش ویو پوائنٹس بنائے جا رہے ہیں جو خطے کی ثقافتی اور جغرافیائی تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔
اس سرمایہ کاری کی ایک نمایاں مثال الحناکیہ گورنری میں نیا لگژری ہوسپیٹیلٹی پروجیکٹ ہے جو مدینہ سے 100 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ خطے کے منفرد صحرائی منظرنامے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، اس منصوبے کے ڈیزائن میں قدرتی چٹانوں اور ریت کا استعمال کیا گیا ہے، اور یہ مختلف صحرائی تھیم پر مبنی پروگراموں کے ذریعے سرمائی سیاحت کو ہدف بناتا ہے۔
منصوبے کے مالک نے خصوصی نوعیت کی مہمان نوازی کی بڑھتی ہوئی طلب اور مدینہ کے وسیع قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کو اس ترقی کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے جس کا مقصد خطّے کے سیاحتی شعبے کو نئی جان بخشنا اور اسے متنوع بنانا ہے۔