Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں غیر استعمال شدہ معدنی ذخائر کا تخمینہ تقریبا 2.5 ٹریلین ڈالر

’درع العرب‘ میں مزید قیمتی معدنیات کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔( فوٹو: عرب نیوز)
ارضیاتی و معدنی ماہرین نے سعودی عرب کی غیراستعمال شدہ معدنی ذخائر کا تخمینہ تقریبا 2.5 ٹریلین ڈالر لگایا ہے۔
 یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی جب گزشتہ ماہ سعودی حکام نے مملکت کےعلاقے ’درع العرب‘ میں مزید قیمتی معدنیات کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

عکاظ کے مطابق سعودی سرکاری کان کنی کمپنی ’معادن‘ نے انکشاف کیا تھا کہ ’وادی الجو‘ میں بڑی مقدار میں سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

سونے اور تانبے کے  ذخائر ’جبل شیبان‘ کے علاوہ درع العربی کے علاقے میں واقع چٹانوں میں گہرائی کے بجائے اوپری سطح پر پائے گئے ہیں، جنہیں نکالنے کے اخراجات بھی زیادہ نہیں ہوں گے۔
واضح رہے ’الدرع العربی ‘ کا علاقہ مملکت کے مغرب میں ہے، جہاں آتش فشانی چٹانیں کثرت سے پائی جاتی ہیں۔ اس قسم کے قدیم آتش فشانی پٹیاں اکثر سونے اور تانبے سے مالا مال ہوتی ہیں۔
ماہرین ارضیات کے مطابق جب چٹانی پتھر عرصہ دراز تک گرمی کی تپش اور برساتی پانی کا سامنا کرتے ہیں تو معدنیات مختلف حصوں میں اکھٹی ہونا شروع ہو جاتی ہیں جنہیں کان کن باسانی نکالتے ہیں۔
سعودی ماہرین عرصے سے پہاڑوں میں معدنیات کی تلاش میں مصروف ہیں تاہم دورجدید کی نئی ٹیکنالوجی کی وجہ سے ان کی تلاش کے مراحل نسبتا آسان ہوگئے ہیں۔
ماہرین ارضیات اس بات کی یقین دہانی کرنا چاہتے ہیں کہ چٹانوں میں موجود سونے اور تابنے کے ذخائر ایک ساتھ ہیں یا قریب موجود ہیں۔

 

شیئر: