سعودی عرب میں دستکاری کا شعبہ ایک معاشی طاقت میں تبدیل ہو رہا ہے
اتوار 16 نومبر 2025 19:51
مملکت میں دستکاری کی مارکیٹ کا حجم 405 ملین امریکی ڈالر کے قریب ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں دستکاری کے شعبے میں نمایاں نمو ظاہر ہو رہی ہے اور یہ ورثے کے تحفظ کے ایک ذریعے اور مشغلے سے آگے بڑھ کر ایک کلیدی معاشی شعبے میں ڈھل رہا ہے جس سے کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ بڑی تبدیلی ایک واضح ادارتی وژن کی وجہ سے ہو رہی ہے جس میں ہیرٹِج کمیشن کا کردار ابھر کر سامنے آ رہا ہے۔
سرکاری طور پر دستیاب اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مملکت میں دستکاری کی مارکیٹ کی قدر 405 ملین امریکی ڈالر کے قریب ہے جس میں مقامی مصنوعات کی نمائندگی 20 فیصد ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اعداد و شمار، دستکاروں اور اونٹرپرنیئرز کے لیے ٹھوس مواقع کی موجودگی کے آئینہ دار ہیں اور سعودی عرب میں دستکاری کے منصوبوں میں مسابقت کی اہمیت واضح کرتے ہیں کیونکہ ان میں جدت و اختراع اور اعلٰی پائے کی مہارتیں بروئے کار لائی جاتی ہیں۔
اس تبدیلی کو سعودی عرب میں عالمی ہفتۂ دستکاری کے دوران، جسے بنان بھی کہتے ہیں، لوگوں کے سامنے پیش کیا گیا۔ بنان، سعودی اور عالمی دستکاری میں جدت طرازی کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

یہ ایونٹ مملکت میں ’دستکاری کے سال‘ کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے اور اس قومی کوشش کا حصہ ہے جس کے تحت مقامی دستکاروں کو معاشی اور ثقافتی طور پر بااختیار بنانے میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
ہیرٹِج کمیشن کی طرف سے منظم کیا گیا یہ پروگرام 26 نومبر تک جاری رہے گا جس میں روایتی مہارتوں اور ہنر کو نہ صرف روز مرہ کی اشیا میں اظہار مل رہا ہے بلکہ یہ مملکت کی قومی شناخت اور ثقافتی اقدار کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔

ہفتۂ دستکاری کے موقع پر نمائش کو دیکھنے کے لیے آنے والے، ہنرمندوں کے کام کو پہلی بار دیکھ رہے ہیں اور اُن ابھرتے ہوئے منصوبوں سے بھی واقفیت حاصل کر رہے ہیں جو تجارتی شناخت کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دستکار اپنی مہارتوں سے اختراع کو یوں نمایاں کر رہے ہیں کہ
چھوٹے چھوٹےگھر اور ورکشاپس وقیع معاشی منصوبوں کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔

بنان، اونٹرپرنیئرز کے لیے بھرپور مواقع مہیا کرتا ہے اور چھوٹے منصوبوں کو خاص طور پر نمایاں کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وہ اِن منصوبوں اور اِن پر کام کرنے والوں کو سرمایہ کاروں سے بھی ملانے میں سہولت پیدا کرتا ہے۔
ورکشاپس اور منصوبوں کے شرکا میں سے بہت سے یہ کہتے ہیں ’اس پلیٹ فارم کی وجہ سے انھیں مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹس کے لیے اپنی مصنوعات کو آزمانے اور ان میں نکھار پیدا کرنے کا موقع ملا ہے۔‘

یہ انیشیٹیو، کمیشن کی ان کوششوں کی تکمیل کرتا ہے جن کے تحت وہ تربیتی پروگراموں، مہارتوں کو دستاویزی بنانے اور مارکیٹ میں رسائی میں بہتری لانے کے لیے ایک مربوط ایکو سسٹم کی تعمیر کر رہا ہے۔
