Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حائل میں سعودی شہریوں نے چینی انجینیئروں کو ڈوبنے سے بچا لیا

سفر کے دوران ان کی گاڑی سیلابی پانی کی گزرگاہ میں الٹ گئی تھی (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے حائل ریجن میں دو سعودی شہریوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے دو چینی انجینیئروں کی مدد کی اور انہیں ڈوبنے سے بچا لیا۔
اخبار 24 کے مطابق چینی شہری حائل ریجن کی کمشنری الشملی میں سفر کررہے تھے کہ ان کی گاڑی سیلابی پانی کی گزرگاہ میں الٹ گئی۔
برساتی نالے میں پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے گاڑی کے ریلے میں بہہ جانے کا خطرہ تھا۔
سعودی شہری احمد ناصرالعنزی اور حمود مسامع العنزی نے جب یہ دیکھا کہ ایک گاڑی سیلابی پانی کی گزرگاہ میں الٹ گئی ہے اور اس میں دو افراد موجود ہیں تو وہ فورا مدد کےلیے پہنچے۔
سعودی نوجوان گاڑی کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوئے اور ایک ایک کرکے چینی شہریوں کو نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا۔
گورنر حائل شہزادہ عبدالعزیز بن سعد بن عبدالعزیز نے دونوں شہریوں کی بہادری پر انہیں اعزاز سے نوازا۔
امدادی کارروائی کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھی جس پر گورنر حائل نے شہریوں کو ملاقات کےلیے بلایا تھا۔
 مملکت میں چینی سفیر نے اپنے ایکس اکاونٹ لکھا ’ اپنے سعودی دوستوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مثالی بہادری کا ثبوت دیتے ہوئے  جذبہ انسانیت کے ناطے بروقت مدد کی ، آپ کے لیے دعا گو ہوں۔‘

 

شیئر: