کنگ سلمان ریلیف سینٹر، مویشیوں کے ذریعے معاشی خود مختاری کا پہلا مرحلہ مکمل
کنگ سلمان ریلیف سینٹر، مویشیوں کے ذریعے معاشی خود مختاری کا پہلا مرحلہ مکمل
منگل 18 نومبر 2025 11:04
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے دور دراز اضلاع میں رہنے والے ان خاندانوں کے لیے شروع کیا گیا (فوٹو: کے ایس ریلیف سینٹر)
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں کمزور گھرانوں کی معاشی بحالی کے لیے شروع کیے گئے منصوبے ’مویشیوں کی فراہمی کے ذریعے معاشی بااختیاری‘ کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔
یہ اقدام خیبر پختونخوا کے دور دراز اضلاع میں رہنے والے ان خاندانوں کے لیے شروع کیا گیا تھا جو آفات، کمزور معیشت اور محدود روزگار کے باعث شدید متاثر ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ایسے پائیدار ذرائع پیدا کرنا ہے جو ان گھرانوں کو فوری سہارا دینے کے ساتھ طویل المدت آمدنی فراہم کریں۔
کنگ سلمان ریلیف پاکستان کے مطابق اس مرحلے کے دوران لوئر چترال، اپر چترال، لوئر دیر اور اپر دیر کے ایک ہزار مستحق گھرانوں کو دو بکریاں، چار بیگ سائیلج اور لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی عملی تربیت پر مشتمل روزگار معاونت پیکیج دیا گیا۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یہ مرحلہ محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری خیبر پختونخوا، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور شراکت دار ادارے ’پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن‘ کے تعاون سے مکمل کیا، جس سے مجموعی طور پر سات ہزار 250 افراد مستفید ہوئے۔
یہ پروگرام دراصل کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے اس وسیع تر انسانی امدادی مشن کا حصہ ہے جو وہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے درجنوں ممالک میں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان میں ادارہ پہلے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی، ہنگامی خوراک کی فراہمی، موسمی شیلٹر، طبی امداد، پولیو و صحت عامہ مہمات، اور یتیم بچوں کے کفالت پروگرام چلا چکا ہے۔ اسی طرح یمن، شام، سوڈان، لبنان، بنگلہ دیش، صومالیہ اور افریقہ کے کئی ممالک میں بھی یہ ادارہ خوراک، پناہ، صحت، تعلیم اور روزگار سے متعلق بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر اس ادارے کو کمزور کمیونٹیز کی بحالی اور آفات میں فوری ردِعمل کے باعث ایک نمایاں انسانی تنظیم سمجھا جاتا ہے۔
پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد منصوبہ اب اپنے دوسرے اور تیسرے مراحل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں سوات، صوابی، ہری پور اور مانسہرہ کے کمزور گھرانوں کو ’پولٹری پیکیج‘ فراہم کیا جائے گا، جس میں 25 مرغیاں، مکمل پولٹری کٹ اور پولٹری مینجمنٹ سے متعلق خصوصی تربیت شامل ہوگی تاکہ خاندان اپنی گھریلو آمدنی میں براہِ راست اضافہ کر سکیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق یہ مرحلہ وار اقدامات نہ صرف معاشی خود انحصاری کو فروغ دیں گے (فوٹو: کے ایس ریلیف سینٹر)
تیسرے مرحلے میں چارسدہ، مردان اور نوشہرہ کے خاندانوں کو گائیں، سائیلج اور ڈیری مینجمنٹ کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی معاشی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق یہ مرحلہ وار اقدامات نہ صرف معاشی خود انحصاری اور بہتر غذائیت کو فروغ دیں گے بلکہ خیبر پختونخوا کے ان خاندانوں کے لیے دیرپا معاشی استحکام کی بنیاد بھی رکھیں گے جو طویل عرصے سے غربت، آفات اور محدود وسائل کے باعث متاثر چلے آ رہے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ پروگرام مستقبل میں مقامی سطح پر آمدنی کے مستقل ذرائع پیدا کرنے اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔