الوجہ کا ساحلی علاقہ جو سکون کے متلاشی افراد کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں
غروب آفتاب کے کے نظارے لوگوں کو تازہ دم کردیتے ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے تبوک ریجن میں الوجہ کمشنری کے ساحلی تفریحی مقامات کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد وزیٹرز کے لیے کھول دیے گئے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الوجہ کمشنری کے ساحلی تفریحی مقام ’شرم زاعم بیچ‘ اپنے فطری حسن کی وجہ سے مشہور تھا جسے تزئین و آرائش کے بعد مزید دلکش بنا دیا گیا ہے۔

میونسپلٹی نے ساحلی پٹی کی تزئین و آرائش کے مختلف منصوبوں پر کام کیا جن میں وزیٹرز اور سیاحوں کی سہولت کےلیے سبزہ زار کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
پارکنگ کی سہولت کے علاوہ بچوں کے لیے مختلف مقامات پر جھولے بھی نصب کیے گئے۔

علاقے کی صفائی کا بھی مستقل طورپر بندوبست کیا گیا ہے، بلدیہ کے کارکن ہمہ وقت وہاں موجود ہوتے ہیں۔
الوجہ کا یہ ساحلی مقام قدرتی حسن سے مالا مال ہے جو سکون کے متلاشی افراد کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں جہاں ساحل سے ٹکراتی موجوں اور غروب آفتاب کے خوبصورت لمحات کے نظارے لوگوں کو تازہ دم کردیتے ہیں۔
