دبئی ایئر شو میں متعدد ممالک کی جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی، مفاہمتی یاد داشت پر دستخط
جمعرات 20 نومبر 2025 21:45
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں جاری دبئی ایئر شو 2025 کے دوران متعدد ممالک نے جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ایک اہم پیش رفت میں، ایک دوست ملک کے ساتھ جے ایف 17 تھنڈر کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے، جو پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی اور صنعتی شراکت داریوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے دبئی ایئر شو 2025 کے موقع پر دوست ممالک کی فضائی افواج کے سربراہان سے اعلیٰ سطح کی متعدد ملاقاتیں کیں۔
اپنے دورے کے دوران سربراہ فضائیہ کے سربراہ نے لیفٹیننٹ جنرل پائلٹ ابراہیم ناصر الاولاوی، انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس متحدہ عرب امارات، اور میجر جنرل راشد محمد الشامسی، کمانڈر اماراتی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔
ان ملاقاتوں میں اعلیٰ درجے کی تربیت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے، ابھرتی ہوئی ایرو سپیس ٹیکنالوجیز میں اشتراک بڑھانے اور مؤثر آپریشنل ہم آہنگی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی عسکری قیادت نے پاک فضائیہ کو جدید بنانے کے اقدامات اور مقامی سطح پر بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیتوں کو سراہا، اور مشترکہ مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلوں اور مستقبل پر مبنی شراکت داریوں کے ذریعے دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق دبئی ایئر شو 2025 میں شریک پاکستانی فضائیہ کے دستے میں جدید جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری اور معروف سپر مشاق تربیتی طیارہ شامل ہیں، جو مقامی فوجی ہوا بازی کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔
