مملکت میں نجرانی سنگترہ اپنی ’بہترین کوالٹی کی وجہ سے مشہور‘
زراعت طویل عرصے سے نجران کے لوگوں کی زندگیوں میں ایک اہم حصہ رہی ہے جس نے اس خطے کو محنت اور ترقی کی علامت بنایا ہے۔ زمین سے یہ گہرا تعلق جو خاص طور پر ترش پھلوں بالخصوص مشہور نجرانی سنگتروں کے لیے مشہور ہے، مقامی معیشت کی بنیاد ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق زراعت سے یہ وابستگی مقامی پیداوار کو بڑھانے اور مملکت میں خوراک کی خودکفالت حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ نجران کا معتدل موسم، زرخیز مٹی، وافر پانی، اور متنوع زمین یہ ممکن بناتے ہیں کہ وہاں سال بھر مختلف فصلیں اگائی جا سکیں۔
ترش پھل نجران کے باغات کی سب سے مشہور پیداوار میں شمار ہوتے ہیں، جس نے اس علاقے کو ملک میں مختلف اقسام جیسے سنگترے، کینو، لیموں اور چکوترہ کی پیداوار کا ایک اہم مرکز بنا دیا ہے۔
یہ پھل کسانوں کے لیے اچھی آمدنی کا ذریعہ بنتے ہیں اور مقامی غذائی خودکفالت کو مضبوط بناتے ہیں۔
نجرانی سنگترہ اپنی بہترین کوالٹی کی وجہ سے بہت مشہور ہے، اور پورے مملکت میں اس کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ سالانہ ترش پھلوں کے میلے اور مختلف زرعی نمائشوں میں نمایاں طور پر پیش کیا جاتا ہے، جو نجران کے معاشی، سیاحتی اور ثقافتی فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان تقریبات کے ذریعے، وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کسانوں کو اہم مدد فراہم کرتی ہے جس میں زرعی رہنمائی، بہتر پیداوار دینے والے پودے، تکنیکی حل، اور جدید آبپاشی نظام کا استعمال شامل ہے۔ یہ پروگرام کسانوں کو تجربہ اور مہارت حاصل کرنے میں مدد دیتے ہیں، جس سے آخرکار نجران کے ترش پھلوں کی معیار میں بہتری آتی ہے۔