افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کاررائیوں کے دوران 13 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا ہے۔‘
جمعے کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’20 اور نومبر کو شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لکی مروت کے علاقے پہاڑخیل میں مشترکہ آپریشن کیا۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں 10 عسکریت پسند مارے گئے۔‘
’اسی طرح سکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔‘
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔‘