انڈیا: یوٹیوب پر دبئی ایئر شو کی ویڈیو تلاش کر رہا تھا کہ حادثے کا علم ہوا، ونگ کمانڈر نمنش کمار کے والد
انڈین ریاست ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا سے تعلق رکھنے والے انڈین ایئر فورس کے پائلٹ نمَنش سیال نے اپنی موت سے ایک دن قبل والد سے کہا تھا کہ وہ دبئی ایئر شو میں ان کی پرفارمنس ٹیلی ویژن یا یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق جمعے کو دبئی ایئرشو میں فضائی مظاہرے کے دوران ونگ کماندڑ نمَنش سیال کا ایل سی اے تیجس لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔
اس حادثے سے کچھ دیر پہلے ہی نمَنش سیال کے والد جگناتھ سیال اپنے بیٹے کی پرفارمنس دیھکنے کے لیے یوٹیوب پر سکرول کر رہے تھے۔
والد جگناتھ سیال نے بتایا کہ ’شام 4 بجے کے قریب یوٹیوب پر دبئی میں جاری ایئر شو کی ویڈیوز تلاش کر رہا تھا جب میں نے طیارہ تباہ ہونے کی رپورٹس دیکھیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ نمَنش سیال سے ایک دن قبل ہی بات ہوئی تھی جب پائلٹ بیٹے نے اپنی پرفارمنس ٹیلی ویژن چینل یا یوٹیوب پر دیکھنے کی تاکید کی تھی۔
یوٹیوب پر دبئی ایئر شو کی ویڈیو تلاش کرتے ہوئے ان کے سامنے حادثے کی ویڈیو آئی تو انہوں نے اپنے بیٹے کی اہلیہ کو فون کیا جو خود بھی ایئر فورس میں ونگ کمانڈر ہیں۔
37 سالہ ونگ کمانڈر نمَنش سیال ناگروٹا بگوان تحصیل کے پٹیالکڈھ گاؤں سے تعلق رکھتے تھے۔
انڈین فضائیہ کے مطابق مظاہرے کے دوران تیجس طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں ونگ کمانڈر نمَنش سیال بچ نہ سکے۔
تیجس طیارہ بنانے والی کمپنی ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے بھی اس سانحے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم فضائی مظاہرے کے دوران بہادر انڈین فضائیہ کے پائلٹ کی المناک موت پر رنجیدہ ہیں۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں اور ہم دلی تعزیت کرتے ہیں۔‘
دبئی کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر دو بج کر 10 منٹ پر لائٹ کومبیٹ ایئرکرافٹ تیجس، جو ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ نے تیار کیا ہے، المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قریباً آٹھ منٹ کے فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
حادثے کے فوراً بعد رن وے کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے تھے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب انڈین فضائیہ اس طیارے کا ایک جدید ورژن LCA Mk-1A اپنے بیڑے میں شامل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
یہ ایل سی اے کا اب تک ریکارڈ کیا گیا دوسرا حادثہ ہے۔
