Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہانہ لائف سٹائل کے حامل بالی وڈ کے نواب سیف علی خان کے چار قیمتی ترین اثاثے کیا ہیں؟

پٹودی پیلس میں تقریباً 150 کمرے موجود ہیں جن میں ملٹی پرپز روم، ڈریسنگ روم اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔ (فوٹو: میجک برکس)
سیف علی خان کا شمار بالی وڈ کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتا ہے۔ اپنی ہمہ جہت اداکاری کے باعث وہ ناظرین میں بے حد مقبول ہیں اور سالہا سال سے متعدد بلاک بسٹر فلموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں۔
شوبز خبروں کی ویب سائٹ ’کوئی موئی‘ کے مطابق سیف علی خان جہاں منفرد اور آف بیٹ فلموں میں مرکزی کردار نبھاتے ہیں، وہیں مختلف فلموں میں منفی کردار بھی ادا کرتے نظر آتے ہیں۔ تاہم اس رپورٹ میں ہم جی کیو انڈیا کے مطابق ان کے شاہانہ طرزِ زندگی کی عکاسی کرنے والے چار قیمتی ترین اثاثوں پر نظر ڈالیں گے۔

4: کاروباری اداروں میں ملکیتی حصص

اداکاری کے ساتھ ساتھ سیف علی خان مختلف کاروباروں میں بھی اہم حصص رکھتے ہیں۔ 55 سالہ اداکار کی اپنی فلم پروڈکشن کمپنی ’بلیک نائٹ فلمز‘ ہے۔ اس کے علاوہ وہ دِینیش وِجن کے ہمراہ ’اِلومینیٹی فلمز‘ کے شریک مالک بھی ہیں۔
مزید یہ کہ وہ اپنے ملبوسات کے برانڈ کے علاوہ انڈین سٹریٹ پریمیئر لیگ کی ٹیم ٹائیگرز آف کولکتہ میں بھی حصص رکھتے ہیں۔

3: انتہائی پرتعیش گاڑیاں

شاہانہ اندازِ زندگی کی بات ہو تو اس میں لگژری گاڑیاں لازمی شامل ہوتی ہیں۔ سیف علی خان کے پاس موجود مہنگی گاڑیاں درج ذیل ہیں:
فورڈ مستانگ جی ٹی
رینج روور ووگ
مرسڈیز بینز ایس کلاس S350D
آڈی آر 8
لیکسَس LX 470
لینڈ روور ڈیفینڈر
لیکسَس ES300h

2: باندرہ کا اپارٹمنٹ

سیف علی خان کے پاس باندرہ میں دو پرتعیش اپارٹمنٹس ہیں۔ وہ پہلے چار منزلہ مکان میں مقیم تھے، جبکہ اس وقت سیف اور کرینہ کپور خان کا موجودہ گھر تقریباً 100 کروڑ انڈین روپے مالیت کا ہے۔
ممبئی میں اپارٹمنٹ کی قدر ہمیشہ زیادہ ہوتی ہے، اور جب اس میں لگژری سہولیات شامل ہوں تو اس کی قیمت مزید بڑھ جاتی ہے۔

1: تاریخی پٹودی پیلس

گروگرام، ہریانہ میں واقع پٹودی پیلس سیف علی خان کے سب سے قیمتی اثاثوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس محل میں تقریباً 150 کمرے موجود ہیں جن میں ملٹی پرپز روم، ڈریسنگ روم اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔
سنہ 1935 میں تعمیر ہونے والا یہ تاریخی محل ’دی اینیمل‘، ’رنگ دے بسنتی‘ اور دیگر فلموں میں نظر آ چکا ہے۔

 

شیئر: