الشقیق میں ریورس ٹیکنالوجی پر مبنی پلانٹ کی تعمیر مکمل
’پلانٹ کی یومیہ پیداواری صلاحیت 4 لاکھ مکعب میٹر ہے، 35 لاکھ افراد کو پانی فراہم کرے گا‘ ( فوٹو: سبق)
اکسیونا کمپنی نے سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں واقع الشقیق میں پانی کے پلانٹ کی تعمیر مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پلانٹ کی یومیہ پیداواری صلاحیت 4 لاکھ مکعب میٹر ہے جو پانی کی فراہمی کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا اور 35 لاکھ سے زیادہ افراد کو پینے کے پانی کا نیا ذریعہ فراہم کرے گا۔
یہ پلانٹ جدید ریورس اوسموسس (SWRO) ٹیکنالوجی سے کام کرتا ہے جسے توانائی کے انتہائی مؤثر استعمال اور کم سے کم ماحولیاتی اثرات کو یقینی بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ 2021 میں شروع کیا گیا تھا جو ملک میں آبادی کے بڑھتے ہوئے تقاضوں اور موسمیاتی چیلنجوں کے باعث پانی کی بڑھتی ضرورت کو پورا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اکسیونا کمپنی سعودی عرب کے پانی کے شعبے کی ترقی میں مرکزی شراکت دار ہے اور وہ ملک میں پانی کے متعدد بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
اکسیونا دنیا بھر میں کاربن فری معیشت کی جانب پیش قدمی کے لئے پائیدار اور قابلِ تجدید توانائی پر مبنی حل فراہم کرنے میں عالمی رہنما سمجھی جاتی ہے۔
اس کی سرگرمیوں میں قابلِ تجدید توانائی، پانی کی پروسیسنگ اور مینجمنٹ، پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹمز اور لچکدار انفراسٹرکچر شامل ہیں۔
کمپنی 2016 سے کاربن نیوٹرل ہے، اس کی 2024 میں فروخت 19.19 بلین یورو رہی اور یہ دنیا کے 40 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے۔