مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ ٹینالوجیز کے لئے آئی بی ایم سے مذاکرات
’دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی ڈیٹا اینڈ اے آئی اتھارٹی ’سدايا‘ کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن شرف الغامدی نے نیویارک میں IBM کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سدایا کے سربراہ نے آئی بی ایم کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ارفند کرشنا سے ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب، آئی بی ایم کے تجربات کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں قومی صلاحیتوں کے فروغ، تجربات کے تبادلے اور کوانٹم کمپیوٹنگ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس کے علاوہ جدید ڈیٹا پلیٹ فارمز کی تعمیر، سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل نظاموں میں جدت لانے اور سعودی عرب میں موجود آئی بی ایم کے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ لیب کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں مزید ترقی دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
یہ دورہ ’سدايا‘ کی بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں عالمی سرکردہ کمپنیوں کی مہارت سے استفادہ کیا جا سکے۔
یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اس ہدف کی تکمیل میں معاون ہیں جس کا مقصد مضبوط اور جدید ڈیجیٹل معیشت کی تشکیل ہے جو سعودی عرب کو ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت پر مبنی عالمی معیشتوں میں نمایاں مقام دلانے میں مدد دے گی۔