بالی وڈ کے ’سدا بہار‘ اداکار دھرمیندر اپنی زندگی کی 90 ویں بہار دیکھنے سے قبل ہی اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔
دلی کے صحافی یوسف تہامی کے مطابق اداکار سلمان خان، امیتابھ بچن اور دیگر اداکار ممبئی کے شمشان گھاٹ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی آخری رسومات ادا کی جائيں گی۔
مزید پڑھیں
-
کون زیادہ پُرکشش بالی وڈ اداکار؟ دلیپ کمار یا دھرمیندرNode ID: 817906
-
’صحت بہتر ہے‘، ہیما مالنی کی اداکار دھرمیندر کے انتقال کی تردیدNode ID: 897068
انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دھرمیندر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دھرمیندر جی کا انتقال انڈین سنیما کے ایک عہد کے اختتام کی علامت ہے۔ وہ ایک ممتاز فلمی شخصیت تھے، ایسے بہترین اداکار جنہوں نے اپنے ہر کردار میں خوبصورتی، اثر اور گہرائی پیدا کی۔‘
ایکس پر جاری بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ’دکھ کی اس گھڑی میں میری دعائیں اور ہمدردی ان کے خاندان، دوستوں اور لاتعداد چاہنے والوں کے ساتھ ہیں۔‘
رپورٹس کے مطابق دھرمیندر کچھ دن پہلے علالت کے باعث ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ وہ سوگواران میں دو بیویوں پرکاش کور، ہیما مالنی اور چھ بچے چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول بھی بالی وُڈ کے مشہور اداکار ہیں۔
دھرمیندر کی پیدائش آٹھ دسمبر 1935 کو لدھیانہ کے ایک گاؤں میں ہوئی۔ انہوں نے 1960 میں فلم ’دل بھی تیرا ہم بھی تیرے‘ سے اداکاری کا آغاز کیا۔ کئی فلموں میں انہوں نے رومانوی کردارادا کیے تاہم سنہ 1965 کی فلم ’حقیقت‘ سے انہیں پہچان ملی اور سنہ 1966 میں ’پھول اور پتھر‘ نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔
اس کے بعد کے برسوں میں انہوں نے ’شعلے‘، ’سیتا اور گیتا‘، ’میرا گاؤں میرا دیش‘، ’چپکے چپکے‘ اور کئی دوسری کامیاب فلموں میں کام کیا۔ بعد ازاں وہ ایکشن فلموں میں بھی بہت مشہور ہوئے اور انہیں ’انڈیا کا ہی مین‘ کہا جانے لگا۔
The passing of Dharmendra Ji marks the end of an era in Indian cinema. He was an iconic film personality, a phenomenal actor who brought charm and depth to every role he played. The manner in which he played diverse roles struck a chord with countless people. Dharmendra Ji was…
— Narendra Modi (@narendramodi) November 24, 2025
انہوں نے اپنے کیریئر کے آخری حصے میں سپورٹنگ رول بھی کیے جنہیں شائقین نے پسند کیا۔ انہوں نے اپنے بیٹوں کے ساتھ ’اپنے‘ اور ’یملا پگلا دیوانہ‘ جیسی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی آخری فلم ’اکیس‘ آئندہ ماہ ریلیز ہوگی۔
دھرمیندر وہ واحد اداکار ہیں جو اپنی وجاہت کی بدولت بالی وڈ میں آئے اور تقریباً پانچ دہائیوں ہندی سینما پر راج کیا۔
اتنا ہی نہیں ہندی سینما کے سپریم سٹار کہے جانے والے دلیپ کمار جو اپنی سوانح حیات ’دلیپ کمار: دی سبسٹینس اینڈ دی شیڈو‘ میں خود اپنے پُرکشش ہونے کا دم بھرتے ہیں، تاہم انھوں نے کئی بار سرعام یہ بات کہی ہے کہ انھیں خدا سے یہ شکایت رہے گی کہ انھیں دھرمیندر سے زیادہ خوبصورت کیوں نہ بنایا۔
جبکہ دھرمیندر بھی ان سا بننا چاہتے تھے۔ انھوں نے سنہ 2017 میں اپنی ایک پرانی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’نوکری کرتا، سائیکل پر آتا جاتا، فلمی پوسٹر میں اپنی جھلک دیکھتا، راتوں کو جاگتا، انوکھے خواب دیکھتا، صبح اٹھ کر آئینے سے پوچھتا کہ میں دلیپ کمار بن سکتا ہوں کیا؟‘
بات یہیں نہیں رکتی ہے بلکہ اس سے بھی دور جاتی ہے اور وہ یہ ہے کہ انڈین سینما کی ڈریم گرل ہیما مالنی جن کے دیوانوں میں جیتیندر، سنجیو کمار اور فیروز خان جیسے اداکار تھے وہ خود دھرمیندر کی دیوانی تھیں یہاں تک کہ انھوں نے پہلے سے شادی شدہ دھرمیندر سے شادی کی اور ان دونوں کی جوڑی انڈین فلم انڈسٹری کی اب تک کی سب سے کامیاب جوڑی ثابت ہوئی یہاں تک کہ ان دونوں نے دو درجن سے زائد فلمیں ایک ساتھ کی۔













