تھینکس گیونگ کا تہوار، سیاسی حریف نشانے پر لیکن صدر ٹرمپ نے ٹرکی کی جان بخشی کر دی
امریکہ کے سب سے بڑے ثقافتی تہوار تھینکس گیونگ یعنی یوم تشکر کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مرغی نما پرندے ٹرکی کو تو قربان ہونے سے بچا لیا لیکن اپنے حریفوں کو نشانے پر ہی رکھا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تھینکس گیونگ کی مناسبت سے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی وائٹ ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا اور صدر ٹرمپ نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے دو ٹرکی پرندوں کی جان بخشی کر کہ انہیں آزاد کر دیا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے مذاقاً کہا کہ وہ ٹرکی کو السلواڈور کی بدنام زمانہ جیل بھجوا رہے ہیں جہاں دراصل امریکہ سے نکالے گئے تارکین کو حراست میں رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے ڈیموکریٹ حریف چک شومر اور سابق سپیکر نینی پیلوسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا۔ کہ ان پرندوں کے نام چک اور نینسی رکھنے چاہیے تھے۔
ساتھ ہی صدر ٹرمپ کا کہا تھا کہ ’لیکن میں اُن لوگوں کو کبھی معافی نہیں دوں گا۔‘
صدر ٹرمپ نے سابق صدر جو بائیڈن کا بھی طنزیہ انداز میں ذکر کیا اور اپنی توپوں کا رخ الینوائے کے گورنر جے بی پرٹزکر کی طرف موڑ لیا جنہوں نے شکاگو میں نیشنل گارڈ تعینات کرنے کے وائٹ ہاؤس کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ پرٹزکر کے حوالے سے ایک لطیفہ تیار کر کے لائے تھے لیکن وہ وہ اس حقیقت پر بات نہیں کریں گے کہ وہ ’ایک سست موٹے‘ انسان ہیں۔
وائٹ ہاؤس کا روز گارڈن وہاں موجود حکومتی عہدیداروں اور ریپبلکن ارکان کے قہقہوں سے گونچ اٹھا۔
صدر ٹرمپ نے روایتی کارروائی جاری رکھتے ہوئے گوبل اور واڈل نامی ٹرکی پرندوں کی جان بخشی کر دی اور ان سے مخاطب ہوئے اور کہا کہ ’گوبل، میں تمہیں یہ بتانا چاہتا ہوں، انتہائی اہم بات، کہ تمہیں غیرمشروط معافی دے دی ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے پرندے پر اپنا ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا کہ ’کون اس خوبصورت پرندے کو نقصان پہنچانا چاہے گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے دور حکومت میں تھینکس گیونگ کے تہوار کی مناسبت سے کھانے پر ہونے والے خرچ میں کمی آئی ہے جبکہ اعداد و شمار اس سے برعکس تصویر پیش کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث اس سال عوامی تعطیلات کے دوران اعشایئے اور ظہرانے کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں روایتی تقریب کے بعد صدر ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا کے ہمراہ وائٹ ہاؤس سے فلوریڈا کے لیے روانہ ہوگئے تھے جہاں وہ اپنے ریزارٹ پر تھینکس گیونگ کی تعطیلات گزاریں گے۔