ریاض میں بین الاقوامی کھجور کانفرنس و نمائش شروع
’سعودی عرب 400 سے زائد اقسام کے ساتھ دنیا کی نمایاں ترین پیداوار ممالک میں شمار ہوتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
دار الحکومت ریاض میں چھٹے بین الاقوامی کھجور کانفرنس و نمائش کا آغاز ہوا ہے جسے نیشنل سنٹر فار پالمز اینڈ ڈیٹس کے زیرِ انتظام شاہ سعود یونیورسٹی کے کیمپس میں 25 نومبر سے 4 دسمبر 2025 تک منعقد کیا جا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کھجور کانفرنس و نمائش میں مقامی و بین الاقوامی ماہرین اور نمایاں نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں۔
نمائش میں شریک الاحساء کے تاجر اور کھجوروں کے ماہر عبدالحمید البن زید نے کہا ہے کہ ’یہ نمائش دنیا بھر کی منڈیوں میں سعودی کھجور کی بلند حیثیت کو روشناس کرانے کے لئے اہم پلیٹ فارم ہے‘۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’آج سعودی کھجوریں دنیا کے 133 ممالک کو برآمد کی جا رہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم نے کھجوروں کی کاشت میں پانچ سے زیادہ دہائیاں گزاری ہیں اور اس عرصے میں ترقی کا ایسا سفر دیکھا ہے جو سعودی وژن 2030 کی غیر محدود سرپرستی کا ثمر ہے‘۔
’آج سعودی عرب 400 سے زائد اقسام کے ساتھ دنیا کی نمایاں ترین پیداوار اور برآمد کنندہ ممالک میں شمار ہوتا ہے‘۔
انہوں نے اس سال کی نمائش میں پیش کی گئی جدید سہولیات اور بہترین انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’یہ سب اس عظیم عالمی تقریب کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘۔
انہوں نے زائرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے نمائش کے ایام میں توسیع کی بھی سفارش کی ہے۔