Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ سے تاریخی شکست، ’انڈین ٹیسٹ کرکٹ گہرے گڑھے میں دفن‘

جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 25 برس بعد اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 408 رنز سے شکست دے کر 25 برس بعد سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
بدھ کو گوہاٹی کے بارساپارا کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقہ کے 549 رنز کے تعاقب میں انڈین ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کرک انفو کے مطابق انڈیا کو رنز کے اعتبار سے یہ اب تک کی سب سے بڑی شکست ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 489 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انڈیا 201 رنز ہی بنا سکی تھی۔
اپنی دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے 260 رنز سکور کیے اور یوں انڈیا کو 549 رنز کا پہاڑ ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں انڈیا کی ٹیم 140 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے سینورن متھوسامی 109، ٹرسٹن سٹبس 94، مارکو یانسن 93 رنز کی اننگز کے ساتھ نمایاں رہے۔
انڈیا کی جانب سے سب سے زیادہ یشسوی جیسوال نے 58 جبکہ واشنگٹن سندر نے پہلی اننگز میں 48 اور دوسری اننگز میں 54 رنز بنائے۔
اسی طرح سے اںڈیا کی جانب سے کلدیپ یادیو اور رویندرا جدیجا چار چار جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر اور مارکو یانسن چھ چھ وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو 30 رنز سے شکست دی تھی جبکہ اس قبل جنوبی افریقہ نے سنہ 2000 میں اںڈیا کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں ہرایا تھا۔
دوسری جانب اس پیش رفت کے بعد انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو اںڈین کرکٹ فینز کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
ایکس صارف راجیو نے گوتم گمبھیر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’گوتَم گمبھیر کا شکریہ، کہ آپ نے ہماری ٹیسٹ کرکٹ کو 10 کلومیٹر گہرے گڑھے میں دفن کر دیا ہے۔ وہ ٹیم جو ناقابلِ شکست سمجھی جاتی تھی اب ہوم گراؤنڈ میں دو بار کلین سوِیپ ہو چکی ہے۔‘
ایک دوسرے صارف نے لکھا ’دیکھو کس منہ سے گوتم کہہ رہا ہے کہ میں وہی ہوں جس نے چیمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ جتوایا تھا۔‘
ایک صارف نے لکھا کہ ’ایک بار گوتم گمبھیر نے کہا تھا کہ روی شاستری نے کچھ نہیں جیتا۔ اب شاید انہیں احساس ہو رہا ہوگا کہ روی شاستری نے بطور کوچ انڈین ٹیسٹ کرکٹ کے لیے دراصل کیا کچھ کیا تھا۔‘
صارف ونائے کمار نے لکھا کہ ’میں انڈین حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ گوتم گمبھیر اور اجیت اگرکر کو ٹیم انڈیا کے لیے صرف ایک سال میں حاصل کیے ان عظیم الشان کارناموں پر بھارت رتن(انڈیا کا سب سے بڑا سول ایوارڈ) سے نوازا جائے۔‘
 

شیئر: