Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا 15 فروری کو ٹی20 ورلڈ کپ میں آمنے سامنے ہوں گے

2026 کا ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک انڈیا اور سری لنکا کی میزبانی میں ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور انڈیا 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ میں 15 فروری کو کولمبو میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گے۔
کرک انفو کے مطابق ٹورنامنٹ کا شیڈول آئی سی سی منگل کو ممبئی میں جاری کرے گا۔
2025 ایشیا کپ میں تین سخت مقابلوں کے بعد دونوں ٹیموں کا پہلا ٹاکرا ہوگا۔ میچ آر پریما داسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ انڈیا کا گروپ مرحلے کا تیسرا میچ ہوگا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق انڈیا اور پاکستان کو امریکہ، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے ساتھ ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
انڈیا اپنا پہلا گروپ میچ 7 فروری کو ممبئی میں امریکہ کے خلاف کھیلے گا، جو ٹی20 ورلڈ کپ کا افتتاحی دن ہوگا۔ اس کے بعد وہ 12 فروری کو دہلی میں نمیبیا سے مقابلہ کرے گا، پھر پاکستان سے اور اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو احمد آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔ گروپ مرحلے میں روزانہ تین میچ ہوں گے۔
2026  کا ٹی20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک انڈیا اور سری لنکا کی میزبانی میں ہوگا، جبکہ پاکستان اپنے تمام میچ کولمبو یا کینڈی میں کھیلے گا۔
فارمیٹ وہی ہے جو 2024 کے ٹورنامنٹ میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں تھا، جہاں 20 ٹیموں کو پانچ گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی، جہاں انہیں دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ سپر ایٹ کے ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی جس کے بعد فائنل ہوگا۔
اگر انڈیا گروپ مرحلے سے آگے بڑھتا ہے تو اس کے تین سپر ایٹ میچ احمد آباد، چنئی اور کولکتہ میں ہوں گے۔ اگر وہ سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو میچ ممبئی میں ہوگا۔ کہا جا رہا ہے کہ آئی سی سی نے دوسرے سیمی فائنل کے لیے کولمبو یا کولکتہ کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور یہ اس پر منحصر ہے کہ سری لنکا اور پاکستان کوالیفائی کرتے ہیں یا نہیں۔ فائنل احمد آباد میں ہوگا، لیکن اگر پاکستان کوالیفائی کرتا ہے تو امکان ہے کہ یہ کولمبو میں ہوگا۔
میزبان انڈیا اور سری لنکا کے علاوہ ٹی20 ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی دیگر 18 ٹیمیں یہ ہیں: افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، اٹلی، نیدرلینڈز، نمیبیا، زمبابوے، نیپال، عمان اور یو اے ای۔
انڈیا دفاعی چیمپئن ہے جس نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بارباڈوس میں جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔

 

شیئر: