پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ کے معاہدے کی بھی 10 سال کی تجدید، ملتان سلطانز کا مستقبل غیر واضح
اس سے قبل پی ایس ایل10 میں چھ ٹیمیں شریک ہوئی تھیں (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی پی ایس ایل کے ساتھ معاہدوں میں مزید 10 سال کی توسیع ہوگئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق یہ تجدید ای اینڈ وائی کی نئی ویلیوایشن کے تحت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا مستقبل غیر واضح ہے کیونکہ تجدیدی معاہدے پر تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے اور پی ایس ایل کی فرنچائزز کے ساتھ معاہدوں کی میعاد آئندہ ماہ دسمبر میں ختم ہو رہی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے معاہدوں کی تجدید کو لیگ کے استحکام اور فرنچائزز کے اعتماد کا ثبوت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’فرنچائرز نے پی ایس ایل کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘
دوسری جانب پی سی بی اور ملتان سلطانز کے درمیان تنازع تاحال جاری ہے۔ ملتان سلطانز کے مطابق انہیں پی سی بی کی جانب سے تجدیدی معاہدے کی دستاویزات موصول نہیں ہوئیں۔
پی ایس ایل میں اگلے سال یعنی 11ویں ایڈیشن سے ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق نئی شامل ہونے والی دو ٹیموں کو خریدنے کے لیے دلچسپی رکھنے والے حضرات بولی جمع کرواسکتے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق ’نیلامی کے عمل کے تحت کامیاب بولی دہندگان کو اجازت ہوگی کہ وہ درج ذیل شہروں میں سے کسی بھی شہر یا ٹیم کا نام منتخب کر سکیں جن میں فیصل آباد، راولپنڈی، حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد اور گلگت شامل ہیں۔‘
پی سی بی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ ’نئی ٹیموں کے فرنچائز حقوق حاصل کرنے میں عالمی سطح پر دلچسپی بڑھ رہی ہے، جو پاکستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت قدم ہے۔‘
’ٹیم فرنچائز کے لیے عوامی اشتہار 15 نومبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا جس میں دنیا بھر کی کمپنیوں اور افراد کو بولی دینے کی دعوت دی گئی ہے۔ بولی جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2025 کی صبح 11 بجے تک مقرر کی گئی ہے جس کے بعد تکنیکی اور مالی پیشکشوں کا جائزہ لیا جائے گا۔‘
