Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب جامعات کی درجہ بندی میں کاؤسٹ یونیورسی پہلی پوزیشن پر

’یہ عالمی کامیابی کاوسٹ کی بطورِ پہلی عرب تحقیقی جامعہ قائدانہ حیثیت کی توثیق کرتی ہے‘ ( فوٹو: ایکس)
کنگ عبداللہ یونیورسٹی فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ’کاوسٹ‘ سال 2025 کے لئے ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) کی جانب سے جاری عرب یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں لگاتار تیسرے سال بھی پہلے نمبر پر رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ عالمی کامیابی کاوسٹ کی بطورِ پہلی عرب تحقیقی جامعہ قائدانہ حیثیت کی توثیق کرتی ہے اور سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں سعودی عرب کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی برتری کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ درجہ بندی ’ٹائمز عرب یونیورسٹیز سمٹ 2025‘ کے دوران اعلان کی گئی جس کی میزبانی اردن نے کی ہے۔
اس میں اعلیٰ تعلیم کے قائدین، پالیسی سازوں اور صنعتی شراکت داروں نے شرکت کی ہے۔
یہ اعتراف تعلیم، علمی تحقیق، نالج ٹرانسفر اور عالمی شراکت داری جیسے معیارات میں خطے کی سطح پر کاوسٹ کی نمایاں کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
کاوسٹ کے صدر پروفیسر ایڈورڈ برن نے کہا ہے کہ ’لگاتار تیسرے سال پہلی پوزیشن حاصل کرنا غیر معمولی کامیابی ہے جو کاوسٹ کی مستقل برتری کی تصدیق کرتا ہے‘۔
’یہ ہمارے فیکلٹی، طلبہ، عملے اور شراکت داروں کی مخلصانہ کاوشوں کا نتیجہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ کارنامہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں یونیورسٹی کے معیاری کردار کو بھی نمایاں کرتا ہے‘۔
خیال رہے کہ 2025 کی درجہ بندی 20 بنیادی اشاریوں پر مشتمل فریم ورک کے تحت تیار کی گئی جن میں تحقیقاتی حوالہ جات کا عالمی اثر، تدریسی ماحول کا معیار، صنعتی تعاون اور بین الاقوامی تحقیقی شراکتیں شامل ہیں۔
کاوسٹ عالمی معیار کا تحقیقی ماحول فراہم کرتی ہے جہاں ایسے سائنسی حل تیار کئے جاتے ہیں جو پائیداری، صحت، پانی، خوراک و زرعی وسائل اور صاف توانائی جیسے اہم عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد دیتے ہیں۔
یونیورسٹی عالمی تحقیقی میدان میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھے ہوئے ہے چنانچہ سال 2025 کی ’کلاریویٹ‘ فہرست میں کاوسٹ کے 16 سائنس دان دنیا کے سب سے زیادہ حوالہ دیئے جانے والے محققین میں شامل ہیں۔

شیئر: