صحرا کا سفر کرنے والوں کو جدید آلہ استعمال کرنے کی ترغیب
اتوار 30 نومبر 2025 10:16
’لوکیشن بتانے والا آلہ بغیر نیٹ ورک والے علاقوں میں سفر کرنے والوں کے لئے ضروری ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن اور شہری ہوا بازی نے بری سفر اور صحرائی مہم جوئی کے شوقین افراد کو تلاش اور امداد کے لئے ریڈیائی مواصلاتی ٹیکنالوجی پر مبنی نئے نظام سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ خدمت افراد اور اداروں کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ ایسے علاقوں میں جہاں عام مواصلاتی نیٹ ورک دستیاب نہیں لوکیشن بتانے والے نئے آلے ’PLB‘ کے ذریعے سیٹلائٹ کے راستے ہنگامی امداد کی درخواست بھیج سکتے ہیں۔
کمیونیکیشن، سپیس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے فراہم کی جانے والی یہ سروس سعودی عرب کے تمام علاقوں پر محیط ہے حتیٰ کہ وہ مقامات بھی شامل ہیں جہاں عام مواصلاتی نیٹ ورکس موجود نہیں۔
یہ خدمت سیٹلائٹ کے ذریعے درخواست گزار کی شناخت اور درست مقام کا تعین ممکن بناتی ہے جس سے ملک میں تلاش و امداد کی ٹیموں کو متاثرہ افراد تک پہنچنے میں تیزی حاصل ہوتی ہے۔
ہنگامی امداد کی درخواستوں کی نگرانی سعودی ایئر نیویگیشن سروسز کی جانب سے قائم سعودی سرچ اینڈ ریسکیو سینٹر میں کی جاتی ہے جہاں سے یہ درخواستیں فوری طور پر وزارتِ داخلہ کے نیشنل آپریشنز سینٹر کو منتقل کر دی جاتی ہیں۔
بعد ازاں یہ معلومات منظور شدہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ سیکیورٹی اداروں تک پہنچا دی جاتی ہیں تاکہ کارروائی بغیر تاخیر کے ممکن ہوگی۔
ادارے نے توجہ دلائی کہ لوکیشن بتانے والا آلہ ’PLB‘ ان اہم ترین حفاظتی اور امدادی ذرائع میں سے ہے جو دور دراز اور بغیر نیٹ ورک والے علاقوں میں سفر کرنے والوں کے لئے نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ آلہ صارف کو نہایت کم وقت میں ہنگامی پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔