سڈنی میں پرواز کے دوران دو طیاروں کی ٹکر: ایک نیچے جا گرا، پائلٹ ہلاک
اتوار 30 نومبر 2025 12:50
سڈنی کے مضافاتی علاقے میں ٹکرانے کے بعد ایک طیارہ زمین پر گر گیا (فوٹو: سکرین شاٹ)
آسٹریلیا میں دوران پرواز دو چھوٹے طیارے آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک زمین پر گر گیا اور اس کا پائلٹ ہلاک ہو گیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سڈنی شہر کے مضافاتی علاقے ویڈربرن میں اتوار کو پیش آیا۔
پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’واقعے کے بعد گرنے والے جہاز کے قریب سے ہی جھاڑیوں سے پائلٹ کی لاش برآمد ہوئی اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں فضا میں ٹکرائے تھے۔‘
حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم کو اس علاقے کی طرف روانہ کیا گیا جہاں جہاز گرا تھا اور یہ بات یقینی ہے کہ اس میں صرف ایک پائلٹ ہی سوار تھا۔
دوسرے طیارے کو بھی ٹکرانے کے نتیجے میں نقصان پہنچا تاہم وہ محفوظ طور پر لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا اور اس کا پائلٹ بھی زخمی نہیں ہوا۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دو سیٹیں، سنگل انجن اور ہوم بلٹ کِٹس رکھنے والے طیاروں کے ٹکرانے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق ’ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں جہاز اس وقت ایک دوسرے سے ٹکرائے جب وہ ویڈربرن ایئرپورٹ پر اترنے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے۔‘