Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، ’گُڈ گورننس‘ پر زور

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے قصور سیکٹر میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا اور ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں قائم ریلیف کیمپس کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کو ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بیان کے مطابق سول انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے گڈ گورننس اور عوام پر منبی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے عوام کو بچانے کے لیے درکار انفراسٹرکچر کی ڈویلپمنٹ سمیت تمام ضروری اقدامات کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں کا ضیا اور املاک کا نقصان برداشت نہیں کر سکتی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط سول ملٹری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور عوامی بہبود کی غرض سے ہونے والے تمام اقدامات کی حمایت کے لیے فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے فوج اور سول انتظامیہ کی مدد سے ریسکیو کیے گئے سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات کی اور ان کی آباد کاری اور بحالی میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

شیئر: