Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں قدیم حجازی مکان جو آج بھی اصل شکل میں موجود ہے

عروس البلاد جدہ  کے تاریخی علاقے میں آج بھی ایک پرانا مکان موجود ہے جہاں عہدِ رفتہ کی روایات کو اس کی حقیقی شکل میں زندہ رکھا گیا ہے۔
اس مکان کو میوزیم کی شکل دے کر وہاں اہل حجاز کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ جس میں سب سے دلچسپ بات گھر کے باہر جوتے کے چھوٹے سے ماڈل کو لٹکایا جانا تھا۔
میوزیم کی منتظم ’دالیا العبدلی‘ نے اخبار 24 کو بتایا ’عہدِ قدیم میں حجاز کے بیشتر گھروں کی روایت ہوتی تھی کہ جب بھی گھر کا سربراہ یعنی مرد گھر میں ہوتا تو دروازے پر جوتے کی علامت لٹکا دی جاتی تھی۔‘
ان کےمطابق ’اس کا مطلب یہ ہوتا تھا کہ ملنے والی پڑوس کی خواتین ابھی گھر میں نہ آئیں جبکہ سربراہ خانہ کی گھر میں عدم موجودگی پر جوتے کی علامت کو اتار لیا جاتا، جس کا مطلب تھا یعنی اب خواتین گھر میں آرام سے آ سکتی ہیں۔‘
دالیا العبدلی نے مزید بتایا ماضی میں اہل حجاز کی روایت ہوتی تھی کہ گھروں میں دو مہمان خانے بنائے جاتے ایک مردانہ بیٹھک ہوتی اور ایک زنانہ۔
’گھر کے سربراہ کے لیے ایک الگ جگہ بنائی جاتی جہاں وہ کھانا تناول کرنے کے بعد قیلولہ کرتے تھے ساتھ ہی قہوہ اور چائے کا سامان رکھا ہوتا تھا۔‘
اہل محلے میں اگر کسی خاتون کو کوئی مسئلہ درپیش ہوتا تو وہ اپنے شوہر سے اس کا ذکر کرتی تاکہ اسے حل کیا جا سکے جب مسئلے کے بارے میں شوہر کو علم ہوتا تو وہ محلے کے اہم افراد تک اسے پہنچاتا اور مسئلے کا مناسب حل تلاش کیا جاتا۔
انہوں نے بتایا کہ ’محلہ ایک طرح کا گھر کا ہی نقشہ پیش کرتا تھا، سب کے دکھ درد غم وخوشی سانجھی ہوتی تھی ہر ایک دوسرے سے اچھی طرح واقف ہوتا۔‘
دالیا العبدلی نے بتایا کہ ’انہوں نے اپنے والد کی یاد میں ایک مخصوص عطر تیار کیا جسے انہوں نے شاہ سلمان کو تحفے میں پیش کیا تھا جب وہ جدہ آئے تھے۔‘

 

شیئر: