Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انداز محافظوں جیسا تھا‘، انڈیا میں کُتے رات بھر لاوارث نومولود کی حفاظت کرتے رہے

لوگوں کا کہنا ہے کہ کتے رات بھر بچے کے گرد دائرہ بنا کر الرٹ کھڑے رہے (فوٹو: سٹاک فوٹو)
انڈیا میں ریلوے سٹیشن کے قریب چھوڑے جانے والے نومولود بچے کی رات بھر آوارہ کتے حفاظت کرتے رہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ بنگال کے مغربی ضلع نیڈیا کے علاقے نودویپ میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق خون آلود بچے کو بغیر کسی کپڑے میں لپیٹے ریلوے سٹیشن کے قریب ورکرز کالونی میں ایک عوامی واش روم کے باہر فرش پر رکھا گیا تھا۔
رہائشیوں کا خیال کہ نومولود کو رات کے کسی پہر وہاں رکھا گیا جس کے اردگرد آواہ کتے جمع ہوئے اور دائرہ بنا کر کھڑے رہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ رات بھر اس کی حفاظت کرتے رہے اور کسی کو اس کے قریب نہ جانے دیا تاہم پو پھٹنے کے بعد وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو بچہ اٹھانے دیا۔
سب سے پہلے بچے کو دیکھنے والی خاتون سُکلا موندل کا کہنا ہے کہ ’میں نے کچھ ایسا دیکھا جس نے رونگٹے کھڑے کر دیے کیونکہ ہاتھ پیر ہلاتا بچہ کتوں کے بیچ پڑا تھا، مگر کتے پرسکون تھے اور الرٹ نظر آ رہے تھے۔‘
اسی طرح ایک اور شخص سبھاش پال کا کہنا ہے کہ ’میں نے علی الصبح بچے کے رونے کی آواز سنی تو سوچا کسی کا بچہ بیمار ہو گا مگر جب کچھ دیر بعد نکلا تو بچہ پڑا دکھائی دیا جس کی حفاظت کتے کر رہے تھے ان کا انداز سنتریوں جیسا تھا۔‘
رپورٹ کے مطابق نظر پڑنے پر جب سُکلہ بچے کی طرف بڑھی تو کتوں نے دائرہ ختم کیا اور ایک طرف ہو گئے۔
انہوں نے فوری طور پر بچے کو اپنے دوپٹے میں لپیٹا اور دوسرے لوگوں کو مدد کے لیے پکارا۔
بچہ سردی سے کافی متاثر ہو چکا تھا جس کو فوراً مہیشگنج ہسپتال پہنچایا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کو کوئی چوٹ نہیں لگی اور سر پر لگا خون پیدائش کے وقت کا تھا اور بچے کو پیدا ہونے کے چند منٹ بعد ہی وہاں چھوڑ دیا گیا تھا۔
پولیس کو شبہ ہے کہ رات کے وقت بچے کو وہاں چھوڑنے والے کا تعلق قریبی علاقے سے ہی ہو سکتا ہے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بچے کو شعبہ چائلڈ ہیلپ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد ایک ریلوے ورکر کاکہنا ہے کہ ’یہ وہی کتے ہیں جن کی ہم شکایتیں کرتے رہتے ہیں، مگر انہوں نے ان لوگوں سے زیادہ انسانیت دکھائی جنہوں نے بچے کو وہاں چھوڑ دیا تھا۔‘

شیئر: