Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سبع قمم‘: مہم جو ڈاکٹر بدر الشیبانی کے متاثر کن سفر کی کہانی

ڈاکٹر بدر الشیبانی نے سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا ہے۔ ( فوٹو: سبق)
ریڈ سی انٹر نیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن میں سعودی دستاویزی فلم ’سبع قمم‘ یعنی سات چوٹیاں‘ کی نمائش ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں منعقد ریڈ سی انٹر نیشنل فلم فیسٹیول چار سے 13 دسمبر تک تاریخی علاقے میں منعقد ہو رہا ہے۔
ڈاکیومینٹری فلم ’سبع قمم‘ سعودی کاروباری شخصیت اور مہم جو ڈاکٹر بدر الشیبانی کے اس متاثر کن سفر کو پیش کرتی ہے جس میں انہوں نے سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کیا ہے۔
ان کی یہ مہمات عزم اور بلند حوصلے کی وہ مثال ہے جسے سعودی وژن معاشرے میں فروغ دینا چاہتا ہے۔
یہ فلم پانچ منتخب فلموں میں سے ایک ہے جو سعودی عرب میں دستاویزی فلم سازی کے رجحان کو ظاہر کرتی ہے۔
’سبع قمم‘ کے ہدایتکار امیر الشناوی ہیں جو مصر کے ممتاز دستاویزی فلم سازوں میں سے ایک ہیں اور لندن کی گولڈ سمتھ یونیورسٹی سے ڈاکیومینٹری فلم میں ماسٹر ڈگری رکھتے ہیں۔
فلم کی پروڈکشن میں سعودی کمپنی مُدلجةنے حصہ لیا ہے جو قدرتی مناظر اور مہم جوئی سے متعلق عربی مواد کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے اور قومی سینما کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ فلم کی شریک پروڈیوسر اور کاروباری شخصیت رؤى المدنی بھی شامل ہیں جو سعودی فلم انڈسٹری کی نمایاں ترین شخصیات میں سے ایک ہیں اور اپنے پروڈکشن پورٹ فولیو کے ذریعے سعودی سینما کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں موثر کردار ادا کر چکی ہیں۔
فلم ڈاکٹر الشیبانی کی سات چوٹیوں کو سر کرنے کی مہم کا احاطہ کرتی ہے جن میں کلمنجارو، یلبروس، وِنسن، اکنکاگوا، ایورسٹ، ڈینالی اور کازایوسکو شامل ہیں۔
فلم کے مطابق یہ سفر مہم جوئی کے ساتھ ساتھ خود کو دریافت کرنے کا ایک گہرا تجربہ بھی ہے۔
یہ دستاویزی فلم سعودی سینما کی جدید شکل پیش کرتی ہے جو گہرے بصری بیان اور خالص انسانی تجربے کے امتزاج سے تیار کی گئی ہے اور مقامی مواد اور بڑھتے ہوئے پروڈکشن معیار کا عکاس ہے۔
فلم زندگی کی روزمرہ کی روٹین سے آزادی، کمفرٹ زون سے نکلنے اور نفسیاتی و جسمانی رکاوٹیں عبور کرنے کے حقیقی لمحات کو محفوظ کرتی ہے جو بالآخر لفظی اور علامتی دونوں معنوں میں ’چوٹی‘ تک پہنچنے کا سفر ہے۔
فلم ’سبع قمم‘ کی پہلی سکریننگ پانچ دسمبر کو میدان الثقافة، سینما فور میں ہوگی جبکہ دوسری نمائش سات دسمبر کو سینما فائیو میں مقرر ہے۔

شیئر: