پاکستان اور کرغزستان کے 15 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
پاکستان اور کرغزستان کے 15 معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
جمعرات 4 دسمبر 2025 12:32
پاکستان اور کرغزستان نے باہمی تعلقات اور روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے جن میں سیاسی، تجارتی، توانائی، زراعت، دفاع، تعلیم اور ثقافت کے میدان شامل ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئے کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان قریبی روابط ہیں جو نہ صرف تاریخی ہیں بلکہ لازوال بھی ہیں۔
ان کے مطابق ’دونوں ممالک نے اپنے سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد ان کو باہمی اعتماد اور احترام کے ذریعے آگے بڑھایا ہے۔‘
وزیراعظم نے مہمان صدر کے ساتھ اپنی بات چیت کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دو طرفہ تعلقات کے علاوہ، علاقائی صورت حال اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے پیش رفتوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آج دونوں ممالک کے درمیان 15 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے اور یہ ایک قسم کا فریم ورک ہے جس کے تحت باہمی دلچسپی کے مختلف منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔‘
شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ دونوں ممالک اگلے دو برسوں میں اپنی تجارت کو تقریباً 15 ملین سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر شام کے وقت ایک تقریب میں دستخط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحر ہند کا گیٹ وے ہے اور کرغزستان کو اپنی بندرگاہوں کے ذریعے علاقائی و عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کے لیے تیار ہے۔
کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے پاکستان کو جنوبی ایشیا کا سب سے اہم شراکت دار قرار دیا (فوٹو: پی ٹی وی نیوز)
ان کے مطابق ’ہماری بات چیت میں سیاحت، شعبہ تعلیم کے فروغ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی رابطوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور اس ضمن میں دونوں ممالک نے ثقافتی تقریبات منعقد کرنے پر اتفاق کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر کرغزستان کے صدر صادر ژپاروف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں ہمارا ایک اہم شراکت دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کی ترقی، اقتصادی خوشحالی اور انفراسٹرکچر کے حوالےسے منصوبوں کا مشاہدہ کیا اور وہ ان چیزوں کو وزیراعظم کے وژن کے طور پر دیکھتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج دونوں ممالک کے درمیان ایجنڈے کے تحت مختلف میدانوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی اور تجارت، معیشت، سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، لاجسٹک، تعلیم، سائنس اور دوسرے میدانوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔