Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی، بحرینی رابطہ کونسل کا اجلاس، معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اجلاس کی صدارت سعودی ولی عہد اور ان کے بحرینی ہم منصب نے کی ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور بحرین کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے منامہ میں سعودی، بحرینی رابطہ کونسل کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مشترکہ اجلاس میں فریقین کی اعلی سطحی کمیٹیوں اور اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں بحرینی ولی عہد نے شہزادہ محمد بن سلمان کا خیرمقدم کیا اور دوطرفہ  تاریخی و برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
سعودی ولی عہد نے بھی برادر ملک بحرین آمد اور شاہ حمد بن عیسی بن سلمان آل خلیفہ و ان کے بھائی شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسیع و مستحکم کرنے کےلیے خادم حرمین شریفین کی خواہش واضح کی۔
کونسل کے چوتھے اجلاس میں مختلف امور کے حوالے سے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
 سعودی عرب اور مملکت بحرین میں ماحولیات کی سپریم کونسل کے درمیان نیوکلیئرسیفٹی اینڈ ریڈی ایشن پروٹیکشن کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان جبکہ بحرین کے وزیر پٹرولیم و ماحولیات ڈاکٹر محمد بن مبارک نے دستخط کیے۔
شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک اسٹڈیز اور محمد بن مبارک آل خلیفہ اکیڈمی فار ڈپلومیٹک اسٹڈیز کے مابین تعاون کے پروگرام پر اتفاق کیا گیا۔
 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ بحرین کی جانب سے ان کے ہم منصب ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے دستخط کیے۔
اجلاس میں مختلف امور پر سعودی عرب اور بحرین کے مابین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
اجلاس کے آخر میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بحرینی ولی عہد و وزیر اعظم  شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کی جانب سے کونسل کے اجلاس اور ان کا پرتپاک استقبال کرنے پرشکریہ ادا کیا۔

 

شیئر: